24 مارچ ، 2023
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے مبینہ قتل کی منصوبہ بندی کے بیانات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا یہ سنجیدہ الزام ہے جس کے ثبوت پیش کرنے کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے، عدالت عمران خان سے ثبوت طلب کرے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا اس سے پہلے بھی عمران خان سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگا کر سیاسی بیانیہ بناتے رہے ہیں، گزشتہ انتخابات میں عمران خان نے دھاندلی، کرپشن کے الزامات لگا کر جھوٹا سیاسی بیانیہ بنایا تھا، اس بار انتخابات میں ان کو نئے بیانیے کی ضرورت ہے۔
شیریں رحمان نے کہا کہ عمران کی "مجھے قتل کرنے کی سازش" بھی"بیرونی سازش"کی طرح من گھڑت بیانیے کے سوا کچھ نہیں ہے، اگر الزامات میں صداقت ہوتی تو قتل کی سازش کرنے والوں کے نام عدالت کے سامنے رکھتے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ یہ انتخابات سے پہلے لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے بیانیہ بنا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں بھی مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے ان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب عمران خان کے الزامات کو یکسر مسترد کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کے الزامات کا ہر سطح پر سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔