Time 27 مارچ ، 2023
پاکستان

پنجاب اور بلوچستان کے بعد عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کیخلاف سندھ میں بھی پرچہ کٹ گیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پنجاب اوربلوچستان کے بعد عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کے خلاف سندھ میں بھی پرچہ کٹ گیا۔

کراچی میں جمشید کوارٹر تھانے میں محمد اقبال نامی شہری کی مدعیت میں عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق حسان نیازی پر مقدمہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے کے خلاف درج کیا گیا۔

مدعی اقبال نے پولیس کو بیان دیا کہ گھر پر واٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے ایک شخص کی ویڈیو سامنے آئی،ویڈیو میں وہ شخص انٹرویو دے رہا تھا،انٹرویو میں اس نے شخص نے کہا کہ اگر عمران خان گرفتار ہوئے تو کسی کا خیال نہیں رکھا جائے گا،دما دم مست قلندر ہوگا اور اس ملک میں خانہ جنگی ہوگی۔

بیان میں کہا گیا کہ اس شخص کا نام حسان نیازی عرف حفیظ اللہ نیازی معلوم ہوا،وہ شخص ساتھیوں کی مدد سے عوام کو بغاوت پر اکسا رہا تھا، حسان نیازی سابق اور موجودہ دفاعی اداروں کے سربراہان کو کوڈ ورڈ میں مخاطب کر کے دھمکا رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق پولیس حسان نیازی کی گرفتاری کے لیے آج پنجاب روانہ ہوسکتی ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز کوئٹہ کی عدالت نے حسان نیازی کی ضمانت منظور کی تو انہیں نقص امن کے خدشے پر حراست میں لیا گیا تھا ،جس کے بعد انہیں پنجاب پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

مزید خبریں :