Time 29 مارچ ، 2023
کھیل

قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کیلئے معاملات طے، مکی آرتھر اسٹاف کو لیڈ کریں گے

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر مورنی مورکل کو بولنگ اور جنوبی افریقا کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے: ذرائع__فوٹو: فائل
 جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر مورنی مورکل کو بولنگ اور جنوبی افریقا کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے: ذرائع__فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات طے پا گئے جس کی تفصیلات کا اعلان بورڈ جلد کرے گا۔

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کوچنگ اسٹاف کو لیڈ کریں گے،  وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں، ان کے دور میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی، مکی آرتھر ڈربی شائر کے ساتھ بھی کام کرتے رہیں گے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو رواں ہفتے حتمی شکل دے جائے گی، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوچنگ اسٹاف کے لیے معاملات تقریباً طے پا چکے ہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے نیا کوچنگ اسٹاف ذمہ داریاں سنبھالے گا۔

مکی آرتھر کے علاوہ گرانٹ بریڈ برن کو کوچنگ اسٹاف میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی، انہیں ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے جب کہ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر  مورنی مورکل کو بولنگ اور جنوبی افریقا کے اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

مورنی مورکل 86 ٹیسٹ 117 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی میچز کا تجربہ رکھتے ہیں  جب کہ اینڈریو پیوٹک نے ایک ون ڈے میچ کھیلا ہوا ہے ۔

نیوزی لیند کے گرانٹ بریڈ برن ماضی میں پاکستان کے فیلڈنگ کوچ اور این ایچ پی سی بی میں ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ رہ چکے ہیں، رائٹ آرم آف بریک گرانٹ بریڈ برن 7 ٹیسٹ اور 11 ون ڈے میچز کھیل چکے ہیں۔

دوسری جانب فزیو کلف ڈیکن اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ اور ڈرائکس سائمن ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز 14 اپریل سے شروع ہو رہی ہے۔

مزید خبریں :