31 مارچ ، 2023
امریکا میں ایک طرف جہاں ٹک ٹاک پر پابندی یا اس کی جبری فروخت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وہاں دوسری طرف اس ایپ کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس کا ایک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم امریکی صارفین میں مقبول ہونے لگا ہے۔
لیمن 8 (Lemon8) نامی یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم گزشتہ چند دنوں میں امریکا میں بہت زیادہ مقبول ہوا ہے اور وہاں ایپ اسٹور کی 10 مقبول ترین ایپس میں شامل ہو چکا ہے۔
لیمن 8 کافی حد تک انسٹاگرام جیسا سوشل میڈیا نیٹ ورک ہے اور اس کی اچانک مقبولیت ڈرامائی ہے کیونکہ مارچ کے شروع میں اس کا نام بھی بہت کم افراد کو معلوم تھا۔
یہ ایپ دنیا بھر میں مارچ 2020 میں متعارف کرائی گئی تھی اور اب اچانک مقبول ہوئی ہے، جو امریکا میں یوٹیوب، واٹس ایپ، جی میل اور فیس بک جیسی ایپس کی طرح انسٹال کی جا رہی ہے۔
یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے مارچ 2020 میں متعارف کرائی گئی تھی اور اس کے بعد سے دنیا بھر میں ایک کروڑ 60 لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کی گئی۔
جاپان میں سب سے زیادہ افراد اس ایپ کو استعمال کرتے ہیں اور اس کی اچانک مقبولیت کا راز ممکنہ طور پر ٹک ٹاک میں چھپا ہے۔
حالیہ دنوں میں ٹک ٹاک میں ایسی ویڈیوز کو زیادہ پوسٹ کیا جا رہا ہے جن میں لیمن 8 کا ذکر مثبت انداز سے کیا گیا ہے۔
ممکنہ طور پر ان ویڈیوز سے متاثر ہوکر لوگ اسے ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔
یہ ایپ انسٹاگرام کے ساتھ ساتھ کافی حد تک Pinterest سے بھی متاثر نظر آتی ہے۔
امریکا میں ٹک ٹاک کی ممکنہ بندش کے پیش نظر اس نئی ایپ کی مقبولیت حیران کن نہیں کیونکہ 15 کروڑ امریکی شہری ٹک ٹاک کے صارف ہیں۔