02 اپریل ، 2023
سعودی عرب اور دی آرگنائزیشن آف پیٹرولیم ایکسپورٹنگ کنٹریز (اوپیک) اتحادی ممالک نے تیل پیداوار میں کمی کا اعلان کردیا۔
خبرایجنسی کے مطابق اوپیک اتحادی ممالک 1.15 ملین بیرل کٹوتی کریں گے، اوپیک اتحادی ممالک نےتیل کی عالمی منڈی میں استحکام کیلئے پیداوارمیں کمی کا فیصلہ کیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی نے بتایا کہ سعودی عرب نے یکم مئی سے تیل کی پیداوار پانچ لاکھ بیرل یومیہ کم کرنے کا اعلان کیا، سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں پانچ لاکھ بیرل یومیہ کی کٹوتی سال کے آخر تک جاری رہے گی۔
اس کے علاوہ اویپک میں شامل متحدہ عرب امارات، کویت، عمان، عراق اور الجیریا نے بھی تیل کی پیداوار میں رضاکارانہ طور پرکمی کا اعلان کیا۔
عراق نے 2 لاکھ 11 ہزار بیرل، امارات نے ایک لاکھ 44 ہزار بیرل، کویت نے ایک لاکھ 28 ہزار، الجیریا نے 48 ہزار اور عمان نے 40 ہزار بیرل یومیہ تیل کی پیداوار میں کمی کریں گے اور یہ کمی رواں سال کے آخر تک جاری رہے گی۔
سعودی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی اوپیک اور نان اوپیک ممبر ممالک سے مل کر کر رہے ہیں۔
دوسری جانب خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ سعودی فیصلے سے عالمی مارکیٹ میں تیل مزید مہنگا ہوجائے گا اور سعودی عرب کے فیصلے ریاض اور واشنگٹن کے تعلقات میں سرد مہری بڑھنے کا خدشہ ہے، یوکرین جنگ کے باعث پہلے ہی تیل کی عالمی قیمتیں بلند ہیں۔