ناسا نے چاند پر جانے کیلئے پہلی بار ایک خاتون خلانورد کو منتخب کر لیا

آرٹیمس ٹو مشن کی ٹیم میں کرسٹینا کوچ کے ساتھ افریقی امریکن وکٹر گلوور، ریڈ وائزمین، جیریمی ہینسن شامل ہیں۔ —فوٹو: ناسا
آرٹیمس ٹو مشن کی ٹیم میں کرسٹینا کوچ کے ساتھ افریقی امریکن وکٹر گلوور، ریڈ وائزمین، جیریمی ہینسن شامل ہیں۔ —فوٹو: ناسا

امریکی خلائی ادارے ناسا نے نصف صدی بعد ایک بار پھر انسانوں کو چاند پر بھیجنے کے  اپنے مشن میں پہلی بار ایک خاتون خلانورد کو منتخب کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی خلانورد کرسٹینا کوچ ناسا کے آرٹیمس ٹو مشن کی چار رکنی خلانوردوں کی ٹیم میں شامل ہیں۔

کرسٹینا کوچ کو سب سے طویل مسلسل خلائی پرواز کرنے والی خاتون کا اعزاز بھی حاصل ہے، تاہم اب وہ ناسا کی جانب سے چاند پر جانے والی پہلی خاتون خلانورد کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیں گی۔ 

ناسا کے آرٹیمس ٹو مشن کی ٹیم میں پہلی بار ایک افریقی امریکن اور کینیڈین خلانورد کا بھی انتخاب کیا گیا ہے۔

آرٹیمس ٹو مشن کی ٹیم میں کرسٹینا کوچ کے ساتھ  افریقی امریکن وکٹر گلوور، ریڈ وائزمین، جیریمی ہینسن شامل ہیں۔ 

واضح رہے کہ ناسا کا خلائی مشن چاروں خلانوردوں کو لے کر اگلے سال کے اوائل میں چاند پر جائے گا، جس کے لیے اس ٹیم کی سخت ٹریننگ شروع ہوگئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ناسا کے آرٹیمس ٹو مشن میں خلانوردوں کی یہ 4 رکنی ٹیم چاند پر نہیں اُترے گی لیکن ان کا یہ مشن بعد میں جانے والے  خلابازوں کے لیے چاند پر اترنے کی راہ ہموار کرے گا۔

چاند پر آخری  بار انسانی خلائی پرواز مشن اپولو  17کے ذریعے  دسمبر 1972 میں گئی تھی، یاد رہے کہ چاند پر پہلی بار انسانی قدم 1969 میں اپولو مشن 11 کے تحت  رکھا گیا تھا۔

مزید خبریں :