22 دسمبر ، 2012
کراچی … چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کرپشن میں ملوث ہیں، یہ ملک میں کوئی تبدیلی نہیں چاہتے، 67 فیصد ارکان پارلیمنٹ ٹیکس نہیں دیتے، عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ ہیں، وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کراچی پہنچنے پر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھرکا دورہ کروں گا،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کوئی تبدیلی نہیں چاہتیں، دونوں پارٹیاں ملی ہوئی ہیں اور کرپشن میں ملوث ہیں، لوگ موجودہ حکمرانوں سے تنگ ہیں، وہ تبدیلی چاہتے ہیں، دونوں بڑی پارٹیوں کی وکٹیں گرادیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، 67 فی صد ارکان پارلیمنٹ ٹیکس نہیں دیتے، انتقامی کارروائی کرنے والے کسی شخص کو نہیں چھوڑیں گے، پولیس اور ایف بی آر سے غلط کام لیا جارہا ہے، جو لوگ تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں ان کی فائل کھول دی جاتی ہے، آصف زرداری نے سب کو خرید لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، طاہر القادری کی بات درست ہے کہ بندر بانٹ ہورہی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف میں نظریاتی کارکن رہیں۔ کراچی میں حلقہ بندی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو ان علاقوں میں حلقہ بندی ہونی چاہئے۔