کھیل
Time 10 اپریل ، 2023

ورلڈکپ سے قبل ہمیں اپنے فاسٹ بولرز کا خیال رکھنا ہے، بولنگ کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز اور فخر کی بات ہےکہ مجھے پاکستان ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا دوبارہ موقع ملا ہے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ کافی آسانی ہے کیونکہ میں ان کے ساتھ ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں کھیل چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کے ساتھ انڈر اسٹینڈنگ اور دوستانہ ماحول ہے، وہ رسپانس اچھا دے رہے ہیں۔

عمر گل کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے یہ خوش آئند بات ہے کہ اس وقت اچھے فاسٹ بولرز ہیں، ہمارے پاس 7،6 فاسٹ بولرز ایسے ہیں جو 140 سے زائد اسپیڈ کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں، دنیا میں اس وقت کسی اور ٹیم کے پاس اتنی تعداد میں اس اسپیڈ سے بولنگ کرنے والے بولرز نہیں ہیں، اسپیڈ والے بولرز کے ساتھ کام کر کے میں بہت پرجوش ہوں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ میں اپنے تجربے سے کھلاڑیوں کو  آگاہ کر رہا ہوں، میرے پاس اتنا وقت نہیں ہے،  بولنگ اسکلز اور ایکشن پر میں کم وقت میں کام نہیں کر سکتا، کوشش یہی ہے کہ گیم کے بارے آگاہی پر زیادہ سے زیادہ کام کروں۔

عمر گل نے کہا کہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف تجربہ کار ہو چکے ہیں، انہیں قومی ٹیم اور فرنچائز کرکٹ کا تجربہ ہے، نوجوان بولرز اچھے ہیں، زمان خان کے ساتھ کام کر رہا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ سے قبل ہمیں اپنے فاسٹ بولرز کا خیال رکھنا ہے، 5،6 بولرز جو 140 سے زائد کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں، ہمیں ان کا دھیان رکھنا ہے، بولرز کو روٹیشن پالیسی کے مطابق کھلانا ہو گا، منیجمنٹ اور سلیکٹرز ضرور اس کو دیکھ رہے ہوں گے۔

مزید خبریں :