11 اپریل ، 2023
واٹس ایپ میں کمپینن موڈ متعارف کرا دیا گیا ہے جس سے صارفین ایک سے زائد اسمارٹ فون یا دیگر ڈیوائسز پر اس میسجنگ ایپ کو بیک وقت استعمال کر سکتے ہیں۔
اس کمپینن موڈ پر کافی عرصے سے کام کیا جا رہا تھا اور اب یہ بیٹا ورژن استعمال کرنے والے تمام صارفین کو دستیاب ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ بہت جلد یہ عام صارفین کے لیے بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔
یہ وہ فیچر ہے جس کا مطالبہ صارفین کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا اور کمپنی بھی اس پر مہینوں سے کام کر رہی تھی۔
اس کمپینن موڈ کی بدولت صارفین کے لیے مختلف ڈیوائسز پر بیک وقت میسجز بھیجنے، کال کرنے یا دیگر کام کرنا ممکن ہو جائے گا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ صارفین کیو آر کوڈ کے ذریعے دیگر ڈیوائسز کو مرکزی ڈیوائس سے لنک کر سکیں گے۔
اس فیچر کی بدولت صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بیک وقت 4 ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرنا آسان ہے۔
صارف جب جب کسی نئے فون پر واٹس ایپ انسٹال کرے گا تو تھری ڈاٹ مینیو پر کلک کرنے پر اسے لنک اے ڈیوائس کا آپشن نظر آئے گا۔
اس آپشن پر کلک کرنے کے بعد کیو آر کوڈ سے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ڈیوائس سے لنک کرنا ممکن ہوگا۔
اس فیچر پر کمپنی کی جانب سے کافی عرصے سے کام کیا جارہا ہے مگر اس وقت صرف ٹیبلیٹس کے لیے دستیاب تھا،
مگر اب اس فیچر میں ایک سے زیادہ فونز کی سپورٹ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔
اس ملٹی پل ڈیوائسز فیچر سے جس ڈیوائس پر بھی واٹس ایپ کو اوپن کیا جائے گا، میسجز اور فائلز کو دیکھنا ممکن ہوگا۔