Time 12 اپریل ، 2023
دلچسپ و عجیب

ہتھنی نے خود کیلے چھیل کر کھانا سیکھ لیا

ہاتھی کتنا بڑا ہوتا ہے یہ تو آپ نے دیکھا ہی ہوگا جبکہ اس کے مقابلے میں کیلے کتنے چھوٹے ہوتے ہیں، یہ بھی جانتے ہوں گے۔

مگر کیا آپ یقین کریں گے کہ ایک ہاتھی خود کیلے چھیل سکتا ہے؟

جی ہاں واقعی جرمنی کے شہر برلن کے چڑیا گھر میں رہنے والی ایک ایشیائی ہتھنی نے کیلے چھیلنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔

مگر اپنی اس منفرد صلاحیت کا استعمال اسی وقت کرتی ہے جب یہ پھل بہت زیادہ پک جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ Pang Pha نامی ہتھنی کو کسی انسان نے اس قسم کی تربیت نہیں دی، بظاہر اس نے لوگوں کا مشاہدہ کرکے ہی کیلے چھیلنے میں مہارت حاصل کی۔

خیال رہے کہ ہاتھیوں کو کیلے بہت زیادہ پسند ہوتے ہیں اور وہ اسے چھلکوں سمیت ہی نگل لیتے ہیں۔

مگر 36 سالہ ہتھنی سب سے الگ ہے، البتہ سبز یا پیلے کیلوں کے چھلکے اتارنا پسند نہیں کرتی بلکہ اس طرح کیلے چھلکوں کے ساتھ کھا لیتی ہے۔

مگر بھورے یعنی بہت زیادہ پک جانے والے کیلے دیے جائیں تو وہ پھل کے چھلکے کو اتار کر کھاتی ہے۔

اس مقصد کے لیے وہ کیلے کو 2 حصوں میں تقسیم کرتی ہے اور پھر نرم گودے کو چھلکے سے باہر نکال کر کھا لیتی ہے۔

ہتھنی کی یہ منفرد صلاحیت سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز بھی بنی اور اس پر ایک تحقیق ہوئی جس کے نتائج جرنل بائیولوجی میں شائع ہوئے۔

ماہرین کے مطابق ہاتھی بہت ذہین ہوتے ہیں جو مسائل حل کرنے سمیت متعدد صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ یہ ہتھنی اپنی اس صلاحیت کا مظاہرہ دیگر ہاتھیوں کی موجودگی میں کرنا پسند نہیں کرتی۔

اگر کوئی ہاتھی اس کے ساتھ موجود ہو تو وہ کیلے چھیل کر کھانے کی بجائے سالم نگل لیتی ہے۔

محققین کے مطابق چڑیا گھر کے دیگر ہاتھیوں نے بظاہر کیلے چھیلنے کے طریقے کو سیکھنے کی کوشش نہیں کی، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ان کے لیے یہ کام سیکھنا آسان نہیں۔

مزید خبریں :