12 اپریل ، 2023
آئی فون 15 پرو ماڈلز کے بارے میں نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ایک نئی لیک میں آئی فون 15 پرو کی ایک ڈمی دکھائی گئی تھی جس سے ڈیوائس کے ممکنہ ڈیزائن کا عندیہ ملتا ہے۔
خیال رہے کہ آئی فون 15 سیریز رواں سال ستمبر یا اکتوبر میں متعارف کرائی جائے گی، یعنی ابھی کافی مہینے باقی ہیں مگر اس کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے۔
اس نئی لیک میں آئی فون 15 کا ڈیزائن دکھایا گیا ہے اور کافی حد تک یہ آئی فون 14 پرو سے ملتا جلتا ہے۔
مگر آئی فون 15 پرو میں والیوم بٹن کو تبدیل کیا گیا ہے اور اس کا استعمال اب زیادہ آسان ہو جائے گا جبکہ سائیلنٹ سوئچ کو ایکشن بٹن سے بدلا جا رہا ہے۔
اس ڈیزائن میں لائٹننگ پورٹ کی بجائے پہلی بار یو ایس بی سی پورٹ کے استعمال کی بھی تصدیق ہوتی ہے۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
اس سے قبل 2012 میں کمپنی نے 30 پن ڈوک کنکٹر کی جگہ لائٹننگ پورٹ کو دی تھی۔
یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔
ایک لیک کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔
دیگر لیکس کے مطابق آئی فون 15 پرو اور پرو میکس میں پیری اسکول زوم کیمرے کو دیے جانے کا امکان ہے۔
اسی طرح دونوں فونز کے کیمروں میں ایک نئی سنسر ٹیکنالوجی بھی متعارف کرائی جاسکتی ہے جو زیادہ روشنی کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔