17 مارچ ، 2023
ایپل کا نیا آئی فون 15 پرو میکس اپنی نوعیت کا منفرد اسمارٹ فون ہوگا۔
امریکی کمپنی کا یہ نیا فون ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے مگر اس کے مختلف فیچرز کی لیکس مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔
ایک نئی لیک کے مطابق آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔
اس سے قبل لیکس میں آئی فون 15، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ گلاس پینل دکھائے گئے تھے۔
گلاس پینل سے عندیہ ملتا ہے کہ اس سال اسٹینڈرڈ آئی فون ماڈل کے سیلفی کیمرے کے لیے بھی نوچ ڈیزائن ختم کیا جا رہا ہے اور اس کی جگہ ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن کو دی جا رہی ہے۔
دیگر لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس ایپل کا پہلا آئی فون ہوگا جس میں کوئی بٹن موجود نہیں ہوگا جبکہ چارجنگ کے لیے ٹائپ سی پورٹ کا استعمال کیا جائے گا۔
اس فون کا کیمرا ڈیزائن بھی کچھ مختلف ہوگا۔
ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ اس سال آئی فون 15 پرو میکس میں پیری اسکوپ زوم کیمرا بھی دیے جانے کا امکان ہے۔