18 اپریل ، 2023
بھارتی کامیڈین، اداکار اور ڈانسر راگھو جوئل نے ساتھی اداکارہ شہناز گل سے معاشقے کی خبروں کی تردید کردی۔
شہناز اور راگھو جو کہ عید پر ریلیز ہونے والی سلمان خان کی فلم 'کسی کا بھائی کسی کی جان' میں نظر آئیں گے، ان سے متعلق گزشتہ کچھ عرصے سے خبریں زیر گردش ہیں کہ ان کے درمیان رومانوی تعلقات ہیں۔
یہ سب اس وقت زور پکڑا جب فلم کی پروموشن کے دوران ایک موقع پر سلمان خان نے شہناز گل سے کہا کہ ’موو آن کرجاؤ‘، جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں کرگئی ہوں اور ساتھ ہی سلمان نے کچھ معنی خیز گفتگو بھی کی جس پر مداحوں کو لگا کہ یہاں سلمان شہناز اور راگھو کی بات کررہے ہیں۔
اب راگھو نے اس پر ردعمل دیا اور کہا 'جو انٹرنیٹ کی چیزیں ہیں وہ مجھ تک نہیں آ پاتیں، جب تک میں کچھ دیکھ نہ لوں یا سن نہ لوں، مجھے نہیں یقین ہوتا ہے یہ سچ ہے یا جھوٹ'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں فلم کے لیے آیا ہوں اور میں چاہتا ہوں لوگ مجھے بطور اداکار،ڈانسر یا ہوسٹ کے دیکھیں، میرا کام بولے، باقی یہ سب چیزیں، ایسا کچھ نہیں ہے نہ ہوگا کیونکہ میرے پاس وقت نہیں ہے'۔
راگھو نے کہا 'فی الحال میں صرف اپنے کام پر ہی بات کرنا چاہوں گا، اس کے علاوہ کچھ نہیں'۔