18 اپریل ، 2023
قومی کرکٹرعمر اکمل نے خود پر تنقید کرنے والے قومی کرکٹرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
حال ہی میں ایک یوٹیوب کے پوڈ کاسٹ میں عمر اکمل نے شرکت کی جس میں انہوں نے نجی زندگی سمیت اپنے کرکٹ کے کیرئیر پر بات چیت کی۔
دوران شو میزبان نے عمر اکمل سے ان کی وائرل ڈانس ویڈیوز اور ٹک ٹاک ویڈیوز سے متعلق سوال کیا کہ آپ جو ویڈیوز بناتے ہیں لوگ اس پر تنقید کرنا شروع کردیتے ہیں جب کہ وہ ویڈیوز آپ کے فری ٹائم میں بنائی گئی ہوتی ہے، ایسا نہیں ہوتا کہ میچ کے درمیان ڈانس کی ویڈیو بنی ہو،تو کیا آپ تنقید سے افسردہ ہوتے ہیں یا اسے سنجیدہ نہیں لیتے؟
جواب میں عمر اکمل نے کہا کہ 'اگر انسان اپنے بہن بھائیوں کی شادی پر انجوائے نہ کرسکے تو کیا باہر والوں کی شادیوں پر کرے؟ اگر کوئی شخص اپنے قریبی کی شادی یا کسی تقریب میں ڈانس کرلے تو اس میں کوئی بری بات تھوڑی ہے'۔
قومی کرکٹر نے کہا 'یہ جو لوگ بات کرتے ہیں نہ کہ یہ میچور کیوں نہیں ہورہا، میرے خیال میں زیادہ کرکٹرز کہتے ہیں اور جو یہ بولتے ہیں میں نے ان کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی ہوئی ہے تو خدارا ایسا نہیں کریں'۔
انہوں نے کہا 'جو مجھے یہ بولتے ہیں وہ میرے سینئر ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں ، مجھے مجبور نہ کریں، ان کے راز بھی میرے پاس پڑے ہیں، اگر میں نے وہ راز باہر نکالے تو ان کی عزت نہیں رہے گی'۔
عمر اکمل نے کہا 'اگر انہیں چار، پانچ لاکھ بندہ جانتا ہے تو مجھے بھی پچاس ساٹھ ہزار لوگ تو جانتے ہوں گے، خدارا جب تک آپ کے پاس ثبوت نہیں ہیں تب تک مجھ سمیت کسی دوسرے کرکٹر پر بات نہ کریں'۔
کرکٹر نے مزید کہا ' وہ سمجھتے ہیں کہ یہ چھوٹا ہے، قابو آجائے گا لیکن اب میں چھوٹا نہیں رہا، میرے بچے ہیں، جس کو میں یہ بات بول رہا ہوں، ان تک یہ پہنچ جائے گی، اگر میں نے وہ باتیں باہر نکالیں تو ہماری عوام بہت اچھی ہے وہ کرکٹ دیکھنا چھوڑ دے گی'۔