19 اپریل ، 2023
لاہور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے موجودہ سیاسی صورت حال میں تمام سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کے جماعت اسلامی کے اقدام کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکی سیاسی تناؤ کو کم کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا دیگر جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
قیصر شریف کا کہنا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اے این پی کے رہنما حیدر خان ہوتی سے رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں میں سیاسی تناؤ ختم کرنے کے لیے بات چیت سے راستہ نکالنے کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حیدر خان ہوتی نے تمام جماعتوں کو میز پر لانے کی جماعت اسلامی کی کوشش کو سراہا اور امیر جماعت اسلامی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی کا وفد وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ق لیگ قیادت کے سربراہ چوہدری شجاعت سے بھی ملاقات کر چکا ہے، وفد امیر جماعت اسلامی کی سربراہی میں جلد دیگر جماعتوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔