Time 16 اپریل ، 2023
پاکستان

جماعت اسلامی سے مذاکرات، عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کی 3 رکنی کمیٹی قائم

تحریک انصاف کی 3 رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران پر جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کرے گی: ذرائع۔ فوٹو فائل
تحریک انصاف کی 3 رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران پر جماعتِ اسلامی سے مذاکرات کرے گی: ذرائع۔ فوٹو فائل

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر  جماعت اسلامی سے مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی کی 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے، کمیٹی میں پرویز خٹک، سینیٹر اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید شامل ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران پر جماعت اسلامی سے مذاکرات کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے پہلے وزیراعظم شہباز شریف اور پھر عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ جماعت اسلامی کے وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں حکومت اور پی ٹی آئی دونوں نے مذاکرات کے لیے آمادگی کا اظہار کیا تھا۔

ادھر عمران خان اور سراج الحق کے درمیان ہونے والی ملاقات کی اندرونی کہانی بھی سامنے آئی جس کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا حکومت کے ساتھ مذاکرات میں خود شامل نہیں ہوں گا۔

دوسری جانب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کو پاکستانی سیاست کا غیر ضروری عنصر سمجھتا ہوں۔

مزید خبریں :