20 اپریل ، 2023
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہےکہ الیکشن کی تاریخ 14 جون بھی ہوسکتی ہے اور 14 اکتوبر بھی، سیاسی بحران سیاسی طریقے سے ہی حل ہوگا، عدالتی طریقے سے حل کرنے سے شاید بحران بڑھ جائے۔
جیو نیوز کے پروگرام 'آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ' میں بات چیت کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ 14 جون بھی ہوسکتی ہے اور 14 اکتوبر بھی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاسی بحران سیاسی طریقے سے ہی حل ہوگا، عدالتی طریقے سے حل کرنے سے شاید بحران بڑھ جائے، ملک کی بدقسمتی ہےکہ یہاں عمران خان جیسا سیاست دان بنایا گیا، عدالت نےکہا کہ عمران خان کو غیرقانونی طریقے سے ہراساں نہ کیا جائے،کسی مقدمے میں گرفتارکرنا غیرقانونی ہراسانی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کان میں کوئی جو بھی بات ڈالتا ہے وہ وہی بولنا شروع کر دیتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہوں اور ٹرائل کا سامنا کریں۔