20 اپریل ، 2023
پشاور میں انشورنس کمپنی نے آج سے صحت کارڈ پلس پر اسپتالوں میں داخلے بند کر دیے ہیں اور اسپتالوں میں داخلوں پر عارضی پابندی لگادی ہے۔
انشورنس کمپنی کی جانب سے پینل اسپتالوں اور متعلقہ حکام کو خط بھی لکھ دیے گئے ہیں جس میں کہا گیا کہ صحت کارڈ پلس کے تحت داخلوں پر عارضی پابندی لگادی گئی ہے، 20 اپریل سے پینل پر موجود اسپتالوں میں تاحکم ثانی نئے داخلے بند ہوں گے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ہیلتھ فیسلیٹیٹرز، ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسرز کلیم کی تیاری کے لیے موجود ہوں گے۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبائی حکومت پر انشورنس کمپنی کے 14 ارب روپے کے بقایا جات ہیں، بقایاجات کی ادائیگی کے لیے متعدد نوٹسز موصول ہو چکے ہیں۔
نگران مشیر صحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عابد جمیل نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انشورنس کمپنی کو بقایاجات کی ادائیگی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے رواں ماہ انشورنس کمپنی کو ادائیگی ہوجائے گی۔