21 اپریل ، 2023
ٹک ٹاک نے موسمیاتی تبدیلیوں کا انکار کرنے والے مواد پر مبنی تمام ویڈیوز پر پابندی عائد کی ہے۔
ٹک ٹاک کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے گمراہ کن مواد کی روک تھام کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تمام مواد کو سرچ کرنے پر اقوام متحدہ کی شراکت داری سے مستند تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
ٹک ٹاک نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اس پالیسی کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سےافواہوں پر مبنی مواد کو پلیٹ فارم سے ہٹا دیا جائے گا۔
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ہمارا ماننا ہے کہ اپنے پلیٹ فارم پر موسمیاتی مباحث کے لیے ہمیں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
اس سے قبل ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں کے حوالے سے نئی پالیسیوں کا نفاذ کیا تھا۔
کچھ عرصے قبل ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹک ٹاک کا پلیٹ فارم موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے گمراہ کن مواد پھیلانے کا ذریعہ بن چکا ہے۔
ممکنہ طور پر اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سوشل میڈیا ایپ کی جانب سے نئی پالیسی کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔