Time 24 اپریل ، 2023
کھیل

اہلیہ ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی افواہوں پر بالآخر شعیب ملک کا بیان سامنے آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا اہلیہ اور سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی افواہوں پر بالآخر  بیان سامنے آگیا ۔

گزشتہ سال نومبر سے ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گرم ہیں۔

خلیجی اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکی شادی 12 سال رہنے کے بعد ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔ 

شعیب ملک اور ثانیہ مرزاکافی عرصے سے ساتھ دکھائی نہیں دے رہے،اس دوران  ثانیہ مرزا بیٹے کے ہمراہ اکیلے ہی عمرہ پر گئیں جبکہ انہوں نے کئی تقریبات میں شوہر شعیب ملک کے بغیر ہی شرکت کی جس کے بعد مداحوں کا خیال ہے کہ دونوں کے درمیان معاملات کشیدہ ہیں۔  

 اس حوالے سے شعیب اور ثانیہ کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

تاہم اب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے جیو نیوز کے پروگرام اسکور میں اہلیہ ثانیہ مرزا سے علیحدگی کی افواہوں پر پہلی بار لب کشائی کی۔

عید کے اسپیشل شو میں پروگرام اسکور کے میزبان یحییٰ حسینی نے شعیب ملک سے پوچھا کہ  خبریں چل رہی ہیں کہ بھابی ثانیہ مرزا کے ساتھ آپ کے  تعلقات اچھےنہیں ، میں زیادہ گہرائی میں نہیں جاؤں گا، آپ عید کے موقع پر کیا جواب دینا چاہیں گے؟

جس پر شعیب ملک نے کہا کہ کچھ نہیں ، یہی کہ عید کے موقع پر میں اور ثانیہ ساتھ ہوتے تو اچھا ہوتا لیکن ان کی اپنی مصروفیات ہیں جس کی وجہ سے میں اور ثانیہ ساتھ نہیں ہیں۔

 شعیب ملک نے کہا کہ لیکن ہمیشہ کی طرح دونوں کے درمیان پیار اور محبت موجود ہے،اس موقع پر پاکستانی کرکٹر نے اہلیہ کے لیے خصوصی پیغام میں کہا کہ  میں ثانیہ کو عید مبارک بولوں گا،میں انہیں مسِ ضرور کرتا ہوں، عید کے دن ہم اپنے سب سے قریبی لوگوں کو ہی یاد کرتے ہیں۔ 

انہوں نےکہا کہ بیٹے اذہان سے دن میں 2 بار ویڈیو کال پر بات ہوجاتی ہے۔

یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی اپریل 2010 میں ہوئی تھی اور ان کا ایک  بیٹا اذہان بھی ہے۔ 

مزید خبریں :