دنیا
Time 25 اپریل ، 2023

سوڈان میں آج سے تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

فوٹو: رائٹرز
فوٹو: رائٹرز

خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں آج سے تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں فوج اورپیراملٹری فورس کے درمیان جاری خانہ جنگی میں آج سے 3 روز تک کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔

سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنےکا سلسلہ جاری ہے۔

سعودی عرب، امریکا، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ہفتے کو اپنے 91 اور دیگر ممالک کے 66 شہری سوڈان سے نکالے جبکہ امریکا نے اتوار کی شب خرطوم سے 100 کے قریب سفارتی عملے کو نکالا۔

دوسری جانب427  پاکستانیوں کو بھی سوڈانی بندرگاہ پر پہنچا دیا گیا البتہ ایک خاندان دارالحکومت خرطوم میں پھنس گیا،  پاکستان میں موجود گھر والوں نے مدد کی اپیل  کردی۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانیوں کے سفر کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف خود سوڈان سے انخلا آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں ۔

شہباز شریف کی جانب سے انخلا کی جامع حکمت عملی تیار کرنے پر ائیر چیف ظہیر بابر سدھو اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

خیال رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں :