26 اپریل ، 2023
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اراکین اسمبلی کے تحفظات کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان اور دیگر ججز کو خط لکھ دیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے چیف جسٹس کو 5 صفحات پر مشتمل خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ فیصلوں اور ججز کے ریمارکس پر عوامی نمائندوں کو تحفظات ہیں، عدالتی فیصلے قومی اسمبلی کے دو بنیادی آئینی اختیارات سے متجاوز ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ عدالتی فیصلے سے پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح ہوا، آرٹیکل 73 مالیاتی بل سے متعلق اختیارات قومی اسمبلی کو تفویض کرتا ہے ، سپریم کورٹ سیاسی الجھنوں میں نہ پڑے ، سیاسی معاملات پارلیمان کو ہی حل کرنے دیے جائیں۔
اسپیکر راجا پرویز اشرف کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس اور دیگر ججز پارلیمان کی حدود کا احترام کریں، آئین کی بالادستی کے لیے ہم نے مل کر کام کرنا ہے ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ آئین فیڈرل کنسالیڈیٹڈ فنڈ کی منظوری کا اختیار ارکان اسمبلی کو دیتا ہے، آپ کو قومی اسمبلی کے تحفظات، پریشانی سے آگاہ کرنے کےلیے خط لکھنےکافیصلہ کیا، ایوان کے کسٹوڈین کے طور پر اپ کو یہ خط لکھ رہا ہوں، چیف جسٹس اور ججز پر زور دیتا ہوں کہ پارلیمنٹ کی قانون سازی کے اختیار کا احترام کریں، محاز آرائی سے بچنے کے لیے ریاست کے ستونوں کو اپنے دائرہ کار کے تحت کام کرنا چاہیے۔
راجا پرویز اشرف کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارکان کو میڈیا میں بعض قابل احترام ججز کےکچھ ریمارکس پر بھی تحفظات ہیں، قومی اسمبلی کے 2 معاملات، قانون سازی، اور مالیاتی اختیارات پر تجاوز کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے خط کی کاپی اٹارنی جنرل اور رجسٹرار سپریم کورٹ کے دفتر کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی برجیس طاہر کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا ہم الیکشن سے ڈرنے والے نہیں ہیں، کیا آپ مناسب سمجھتے ہیں کہ ان شخصیات کو یہاں بلائیں، کمیٹی نے ماضی میں فاروق لغاری کو بلایا تھا۔
برجیس طاہر کا کہنا تھا ایوان کی طرف سے خط لکھا جائے، خدا کے لیے ایوان کی تذلیل بند کریں، ان کو کہا جائے ہم استعفیٰ دیتے ہیں آپ یہاں آکر بیٹھ جائیں، اس ایوان کی توہین ہوئی ہے، 19 اپریل کے حکم میں ایوان کے تقدس کو پامال کیا گیا، ایوان کی قرارداد کو نہ ماننے والوں کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے، ججوں کو پارلیمنٹ کی طرف سے خط لکھا جائے کہ اپنی حدود میں رہیں، ججز کو کہا جائے اختیارات سے تجاوز نہ کریں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کو خط لکھنے کے معاملے پر ایوان میں اراکین سے رائے مانگی، اراکین نے ڈیسک بجا کر اسپیکر کو خط لکھنے کے لیے اپنے رائے دی۔
اراکین کی رائے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے چیف جسٹس پاکستان اور دیگر ججز کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کے جذبات، خیالات سے چیف جسٹس اور دیگر جج صاحبان کو خط کے ذریعے آگاہ کروں گا، کوشش کروں گا کہ چیف جسٹس اور دیگر ججز کو آج ہی خط لکھا جائے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں 3 شخصیات کو قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی میں طلب کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔