27 اپریل ، 2023
2013 میں خودکشی کرنے والی بالی وڈ اداکارہ جیا خان کے کیس کا فیصلہ دس سال بعد کل یعنی 28 اپریل کو سنایا جائے گا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے جیا خان کے بوائے فرینڈ اداکار سورج پنچولی کے خلاف اداکارہ کو خودکشی پر اکسانے کے معاملے پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
بھارت کی خصوصی عدالت ایک دہائی پرانے کیس کا فیصلہ کل بھارتی وقت کے مطابق 10 بج کر 30 منٹ پر سنائے گی۔
کیس کا فیصلہ آنے سے قبل سورج کے والد اداکار ادیتیا پنچولی اور والدہ زرینہ وہاب پر امید اور پر اعتماد ہیں کہ ان کے بیٹے کا اس کیس سے کوئی لینا دینا نہیں اور وہ بے قصور ہے۔
خیال رہے کہ 2018 میں سورج پنچولی پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سپر ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ جیا خان نے 3 جون 2013 کو خودکشی کی تھی، وہ جوہو میں اپنی رہائشگاہ پر لٹکتی ہوئی پائی گئی تھیں۔
اداکارہ کی والدہ رابعہ نے بیٹی کی موت کے فوراً بعد دعویٰ کیا تھا کہ اُن کی بیٹی کو سورج پنچولی نے قتل کیا ہے۔
سورچ پنچولی کو جیا خان کی جانب سے لکھے گئے آخری مبینہ خط کے ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
2013 میں سورج کے خلاف دفعہ 306 (خودکشی کے لیے اکسانا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔