Time 28 اپریل ، 2023
پاکستان

سی ایس ایس امتحانات: 3 سال میں اردو کے مضمون میں 54 فیصد امیدوار فیل ہوئے

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحان میں مختلف مضامین میں پاس اور فیل ہونے والوں کی 3 سال کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سی ایس ایس کے امتحان میں قومی زبان اردو کے مضمون میں 3 سال کے دوران مجموعی طور پر 54.53 فیصد امیدوار فیل ہوئے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے تحریری جواب ایوان میں پیش کیا گیا جس میں سی ایس ایس میں مختلف مضامین میں پاس اور فیل ہونے والوں کی تفصیلات موجود ہیں۔

ایوان میں پیش کی گئی تفصیلات 2019، 2020 اور 2021 میں سی ایس ایس میں پاس اور فیل امیدواروں سے متعلق ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق 3 سال میں مضمون نویسی میں 49 ہزار 500 امیدواروں میں سے 45 ہزار 800 فیل ہوئے،2019 میں سی ایس ایس مضمون نویسی میں 14 ہزار 205 میں سے 13 ہزار 328 امیدوار فیل ہوئے، 2019 میں سی ایس ایس مضمون نویسی میں پاس ہونے کی شرح 6 فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں مضمون نویسی میں 18 ہزار 387 میں سے17 ہزار 735 امیدوار فیل ہوئے، 2020 میں مضمون نویسی میں پاس ہونےکی شرح صرف 4 فیصد رہی، 2021 میں مضمون نویسی میں 16 ہزار 887 میں سے14 ہزار 760 امیدوار فیل ہوئے، 2021 میں مضمون نویسی میں پاس ہونے کی شرح 13 فیصد رہی،87 فیصد فیل ہوئے۔

ایوان کو بتایا گیا کہ 3 سال میں انگریزی میں49 ہزار 500 میں سے 35 ہزار  امیدوار فیل ہوئے، سی ایس ایس امتحانات میں سال 2019 میں انگریزی میں73 فیصد طلبا فیل ہوئے، 2020 میں 39 فیصد اور 2021 میں 92 فیصد امیدوار  فیل ہوئے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سی ایس ایس امتحانات 2019 میں اردو میں 30، 2020 میں 59 اور  2021 میں73 فیصد امیدوار فیل ہوئے اور 3 سالوں میں فیل ہونے کی مجموعی شرح 54.53 فیصد رہی۔

اس کے علاوہ پاکستان افیئرز میں 2019 میں فیل ہونے  والے امیدواروں کی شرح 37 فیصد رہی، پاکستان افیئرز میں 2020 میں فیل ہونے کی شرح 71 فیصد اور 2021 میں 46 فیصد رہی، سی ایس ایس امتحانات میں اسلامیات میں 2019 میں18 فیصد امیدوار فیل ہوئے جب کہ 2020 میں 51 فیصد اور 2021 میں 81 فیصد امیدوار فیل ہوئے۔

مزید خبریں :