پاکستان
Time 28 اپریل ، 2023

سوات کبل سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کسی اور ذریعے سے ہونے کے ثبوت نہیں ملے: پولیس

لاشوں کے پوسٹ مارٹم میں بال بیئرنگ کا ثبوت نہیں ملا، اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے بھی کوئی بال بیئرنگ نہیں ملا: پولیس رپورٹ— فوٹو:فائل/اے ایف پی
لاشوں کے پوسٹ مارٹم میں بال بیئرنگ کا ثبوت نہیں ملا، اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے بھی کوئی بال بیئرنگ نہیں ملا: پولیس رپورٹ— فوٹو:فائل/اے ایف پی

سوات کے علاقے کبل میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں دھماکے کی رپورٹ جیو نیوز نے حاصل کرلی۔

پولیس رپورٹ کے مطابق 24 اپریل کوسی ٹی ڈی کے پرانے کمپاؤنڈ میں دھماکے ہوئے، سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ کے مال خانے میں دھماکا ممکنہ طورپرشارٹ سرکٹ سے ہوا۔

ر پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ میں داخلےکےلیے 3 مقامات پر سکیورٹی چیکنگ ہوتی ہے، لاشوں کے پوسٹ مارٹم میں بال بیئرنگ کا ثبوت نہیں ملا، اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے بھی کوئی بال بیئرنگ نہیں ملا۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق خودکش حملہ یا کسی شخص کے اندر داخل ہونے کا ریکارڈ نہیں، مال خانے میں دھماکا خیز مواد کی وجہ سے لگاتار دھماکے ہوئے، تباہ گاڑیوں کے مکمل معائنے میں آئی ای ڈی کے ثبوت نہیں ملے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے کسی اور ذریعے سے ہونے کے بھی ثبوت نہیں ملے، دھماکوں سے تین منزلہ سی ٹی ڈی بلاک مکمل تباہ ہوا، پولیس لائنز کی مسجد اور قریبی گھروں کوبھی جزوی نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکوں میں پولیس اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید ہوئے تھے۔

مزید خبریں :