پاکستان
Time 30 اپریل ، 2023

حکومت کی مفت آٹا اسکیم میں 20 ارب سے زائد کی چوری ہوئی، شاہد خاقان کا الزام

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے رمضان میں اپنی ہی حکومت کی مفت آٹا اسکیم میں کرپشن کا الزام لگادیا۔

گزشتہ روز لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ یہ نظام اتنا کرپٹ اور فرسودہ ہوچکا ہےکہ ڈلیور نہیں کرسکتا، بددیانت افسر کو شناخت کیا جاتا تھا، آج وہ زمانہ ہے کہ دیانتدار افسر کو ڈھونڈا جاتا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دیکھیں تو سہی جس غریب کیلئے 84 ارب روپے خرچ کیے اسے کیا ملا؟ حکومت کی مفت آٹا اسکیم میں 20 ارب روپے سے زائد کی چوری ہوئی ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت  اور پنجاب کی نگران حکومت نے شاہد خاقان عباسی کا الزام مسترد کردیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزيب نے کہاکہ رمضان میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور اسلام آباد میں کروڑوں غریبوں کو اس مہنگائی میں پوری شفافیت اور ایمانداری سے مفت آٹا فراہم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خود نگرانی کی، شہروں کے دورے کرکے جائزہ لیا، تاریخی اسکیم کی کامیابی میں انتظامی افسران اور عملے نے دن رات محنت کی جو قابلِ ستائش ہے۔

صوبائی وزير عامر میر نے کہاکہ ایک ایک پائی کا حساب دے سکتے ہیں، اسکیم کو وفاق اور پنجاب نے مل کر فنڈ کیا۔

مزید خبریں :