Geo News
Geo News

Time 03 مئی ، 2023
کھیل

کوہلی اور گمبھیر کا جھگڑا: گواسکر نے دونوں پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا

اس میچ کے دوران دو تجربہ کار افراد نے جس طرح سے رویہ اختیار کیا وہ باعث شرم تھا: سابق کرکٹر/ اسکرین گریب
اس میچ کے دوران دو تجربہ کار افراد نے جس طرح سے رویہ اختیار کیا وہ باعث شرم تھا: سابق کرکٹر/ اسکرین گریب

بھارت کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سنیل گواسکر  نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے گوتم گمبھیر اور رائل چیلنجر بنگلور کے کھلاڑی ویرات کوہلی پر کچھ میچز کی پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔

اسٹار اسپورٹس سے گفتگو میں سنیل گواسکر نے اس معاملے پر کہا کہ میں نے اسٹیڈیم میں یہ صورتحال لائیو نہیں دیکھی، سوشل میڈیا پر ویڈیوز میں دیکھا اس لیے مجھے اصل معاملے کا علم نہیں۔

سنیل گواسکر کا کہنا تھا کہ اس میچ کے دوران دو تجربہ کار افراد نے جس طرح سے رویہ اختیار کیا وہ باعث شرم تھا، مجھے نہیں معلوم غلطی کس کی تھی لیکن میچ فیس کے 100 فیصد جرمانے سے بڑھ کر سزا سنانی چاہیے تھی۔

انہوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا کہ دونوں پر پابندی عائد کردینی چاہیے، انہیں کچھ میچز کے لیے معطل کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں، جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں پر پابندی ہوگی تو انہیں نقصان پہنچے گا اور اندازہ ہوگا۔

اس کے علاوہ سابق کرکٹر نے  ہربھجن سنگھ اور سری سانتھ کے واقعے کو یاد کرتے ہوئے  کہا کہ سابق کرکٹرز کو آئی پی ایل کے پورے سیزن سے باہر کردیا تھا جس کے بعد ایسا ناخوشگوار واقعہ 10 سالوں تک نہیں ہوا، ہمیں  اس بار بھی سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ میچ آفیشلز کی جانب سے ویرات کوہلی اور گوتم گمبھیر پر میچ فیس کا 100 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جو آئی پی ایل کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا۔

معاملہ کیا ہوا؟

 لکھنؤ کے بیٹر نوین الحق اور بنگلور کے فیلڈ رویرات کوہلی کے درمیان لفظی جنگ شروع ہوئی تھی تاہم امپائر اور ساتھی بیٹر بیچ میں آگئے۔

یہ لفظی جنگ یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ جیسے ہی رائل چیلنجرز بنگلور نے لکھنؤ کو شکست دی تو میچ کے آخر میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے آپس میں ہاتھ ملانے کے دوران نوین الحق اور ویرات کوہلی کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی دیکھنے کو ملی۔

یہاں بھی بات ختم نہیں ہوئی، نوین الحق کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے مینٹور اور سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر بھی ویرات کوہلی سے الجھ بیٹھے۔

میچ ختم ہونے کے بعد لکھنؤ سپر جائنٹس کے بیٹر کائل میئرز کوہلی سے گفتگو کررہے تھے کہ گمبھیر نے اچانک انہیں پیچھے کھینچا اور کوہلی سے بات کرنے سے روک دیا۔

ایسے میں بظاہر کوہلی کی جانب سے جملے کسے گئے تو گوتم گمبھیر بھی غصے میں آگئے اور ویرات کوہلی سے تلخ کلامی کرنے لگے، تاہم دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کروایا۔