03 مئی ، 2023
میٹا کی جانب سے اپنی ایپس کو ٹک ٹاک جیسا بنانے پر کافی کام کیا جا رہا ہے۔
اب اس کمپنی نے فیس بک ریلز کے لیے ایک ایسا نیا فیچر متعارف کرایا ہے جو ٹک ٹاک کے فار یو پیج سے ملتا جلتا ہے۔
میٹا کی جانب سے فیس بک ریلز میں صارفین کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پرسنلائزڈ کنٹرولز متعارف کرائے گئے ہیں۔
ان کنٹرولز کی مدد سے صارفین اپنی پسند کے مواد کا فیصلہ کرسکیں گے۔
یہ کنٹرولز شو مور یا شو لیس بٹنوں کی شکل میں ہوں گے اور اس کے لیے کسی ویڈیو کو اوپن کرکے تھری ڈاٹ مینیو میں جانا ہوگا، جہاں یہ آپشنز نظر آئیں گے۔
میٹا کی جانب سے فیس بک فیڈ کے لیے شو مور یا شو لیس فیچر کو اکتوبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا، اب اسے ریلز کا حصہ بھی بنا دیا گیا ہے۔
یہ ٹول آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی فرد کی پسند کے مطابق مواد کا تعین کرتا ہے۔
میٹا نے بتایا کہ ریلز کو فیس بک واچ کا حصہ بنایا جا رہا ہے جس سے صارفین اسکرولنگ کے دوران طویل اور مختصر دونوں طرح کی ویڈیوز ایک ہی جگہ دیکھ سکیں گے۔