04 مئی ، 2023
ہر سال مئی کے مہینے کی پہلی جمعرات کو 'ورلڈ پاس ورڈ ڈے' منایا جاتا ہے، جس کا مقصد آن لائن اکاؤنٹس کے بہتر تحفظ کے حوالے سے لوگوں کا شعور اجاگر کرنا ہے۔
اس کا بہترین طریقہ یہی ہوسکتا ہے کہ اپنے آن لائن اکاؤنٹس کے لیے ایسے پاس ورڈز رکھے جائیں جن کو ہیک کرنا لگ بھگ ناممکن ہو۔
مگر اب بھی دنیا بھر میں کروڑوں افراد اپنے اکاؤنٹس کے لیے ایسے پاس ورڈز منتخب کرتے ہیں جن کا اندازہ لگانا کسی بچے کے لیے بھی آسان ہوتا ہے۔
پاس ورڈ منیجر کمپنی نورڈ پریس کی جانب سے ہر سال ایسے مقبول یا بدترین پاس ورڈز کی فہرست مرتب کی جاتی ہے جن کو ہیک کرنا چند سیکنڈوں کا کام ہوتا ہے۔
دنیا کے ان کمزور ترین پاس ورڈز کا اندازہ لگانے کے لیے ہیکرز کو بمشکل ایک سے 10 سیکنڈ کا وقت لگتا ہے۔
کروڑوں اکاؤنٹس کے لیک ڈیٹا کی جانچ پڑتال کرکے اس کمپنی نے یہ فہرست مرتب کی تھی۔
مجموعی طور پر یہ 200 پاس ورڈز پر مبنی فہرست ہے مگر آپ نیچے 20 بدترین یا مقبول ترین پاس ورڈز کو دیکھ سکتے ہیں۔
اس فہرست کے مطابق پاس ورڈ (password) سب سے زیادہ مقبول پاس ورڈ ہے اور اس کا اندازہ لگانے کے لیے ہیکرز کو ایک سیکنڈ کا وقت درکار ہوتا ہے۔
اسی طرح 123456 دوسرے جبکہ 123456789 تیسرے نمبر پر رہے۔
گیسٹ (guest) چوتھے جبکہ qwerty کے حصے میں 5 واں نمبر آیا۔
12345678، 111111، 12345، col123456 اور 123123 بالترتیب چھٹے سے 10 ویں مقبول ترین پاس ورڈز قرار پائے۔
11 ویں نمبر پر1234567، 12 ویں پر 1234، 13 ویں پر 1234567890، 14 ویں پر 000000، 15 ویں پر 555555، 16 ویں پر 666666، 17 ویں پر 123321، 18 ویں پر 654321، 19 ویں پر 7777777 اور 20 ویں پر 123 سب سے زیادہ مقبول پاس ورڈز ثابت ہوئے۔
خیال رہے کہ ہر آن لائن اکاؤنٹ کے لیے الگ پاس ورڈ ہونا چاہیے اور کوشش ہونی چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ مشکل ہو۔
ویسے تو ٹیکنالوجی کمپنیاں پاس ورڈ کے متبادل پر کافی کام کررہی ہیں مگر ایسی ٹیکنالوجیز کی دستیابی کچھ عرصے تک ممکن نہیں۔