04 مئی ، 2023
ابھی تک سوشل میڈیا نیٹ ورکس جیسے ٹوئٹر یا فیس بک کے اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک دیا جاتا تھا۔
مگر گوگل کی جانب سے ای میل سروس جی میل کے اکاؤنٹس کے لیے بھی بلیو ٹِک کا فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کا مقصد صارفین کو یہ یقین دلانا ہے کہ کسی اکاؤنٹ کی جانب سے بھیجی جانے والی ای میل مستند ہے،کوئی فراڈ نہیں۔
جی میل میں بلیو چیک مارک کا اضافہ گوگل کی Brand Indicators for Message Identification (بی آئی ایم آئی) ٹیکنالوجی کے تحت کیا جا رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے جی میل میں اس ٹیکنالوجی کی آزمائش 2020 میں شروع کی گئی تھی۔
کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ابتدائی طور پر کمپنیوں کے جی میل اکاؤنٹس پر بلیو ٹِک کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ ای میل اکاؤنٹ کے مستند ہونے کا عندیہ مل سکے۔
جب اس ای میل کے اوپر ماؤس کرسر کو رکھا جائے گا تو صارف کے مستند ہونے کی یقین دہانی کا ایک میسج نظر آئے گا جس میں مزید تفصیلات کے ایک لنک بھی موجود ہوگا۔
گوگل کا کہنا تھا کہ ای میل اکاؤنٹ کے مستند ہونے کی تصدیق سے صارفین کو مدد ملے گی جبکہ ای میل سکیورٹی سسٹمز کے لیے اسپام میلز کو شناخت کرنا آسان ہو جائے گا۔
یہ فیچر آئندہ چند دنوں میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے اور ورک اسپیس ایڈمنز اس کے ذریعے اپنی کمپنی کی ای میل اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک حاصل کر سکیں گے۔