وہ عام عادت جو عمر بڑھنے کے باوجود دماغ کو جوان رکھ سکتی ہے

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنا چاہتے ہیں؟ تو انٹرنیٹ کا استعمال ضرور کریں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل American Geriatrics Society میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ انٹرنیٹ کا استعمال درمیانی عمر کے افراد کے دماغ کو صحت مند رکھنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق انٹرنیٹ کا استعمال معمول بنانے سے دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 50 سے 65 سال کی عمر کے 18 ہزار سے زائد افراد کے معمولات زندگی کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا۔

تحقیق کے آغاز پر یہ سب افراد ڈیمینشیا سے محفوظ تھے اور ہر فرد سے معلوم کیا گیا کہ وہ انٹرنیٹ کو کسی بھی مقصد کے لیے استعمال کرتے ہیں یا نہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی دیکھا گیا کہ انٹرنیٹ کو روزانہ کتنے گھنٹے استعمال کرنا دماغی صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ انٹرنیٹ کا استعمال ڈیمینشیا کا خطرہ کم کرتا ہے مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ دن بھر میں 2 گھنٹے یا اس سے کم وقت آن لائن سرگرمیوں میں گزارا جائے۔

اس کے مقابلے میں روزانہ 6 سے 8 گھنٹے تک انٹرنیٹ کے استعمال سے ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھتا ہے، تاہم اس کی تصدیق کے لیے محققین نے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔

نیویارک یونیورسٹی کے اسکول آف پبلک ہیلتھ کی اس تحقیق میں انٹرنیٹ کے استعمال اور دماغی صحت کے درمیان تعلق کی واضح نشاندہی نہیں کی گئی، تاہم محققین نے چند ممکنہ وجوہات ضرور بیان کیں۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن سرگرمیوں سے دماغی افعال کو مستحکم رکھنے میں ممکنہ مدد ملتی ہے جس سے ڈیمینشیا اور دماغی عمر میں اضافے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ عمر میں اضافے کے ساتھ دماغ کی تجزیہ کرنے کی صلاحیت قدرتی طور پر سست ہونے لگتی ہے اور چیزوں کو یاد رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے، مگر صحت مند دماغ کو ایسے مسائل کا سامنا نہیں ہوتا۔

ورزش، مناسب نیند، جسمانی وزن کو صحت مند سطح پر برقرار رکھنا، بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کی سطح کی مانیٹرنگ، تمباکو نوشی سے گریز اور سماجی میل جول کو ڈیمینشیا سے بچانے کے لیے اہم تصور کیا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ پر نئی سرگرمیوں جیسے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانا یا دیگر سے ڈیمینشیا سے ممکنہ تحفظ ملتا ہے۔

مزید خبریں :