بھارتی وزیر خارجہ سے ہاتھ جوڑ کر ’سلام‘ سے متعلق بلاول نے کیا جواب دیا؟

بھارتی وزیر خارجہ سب سے ایک ہی طریقے سے ملے ہیں، اگر ایسا ہے تو ہمارا شکایت کرنا بنتا نہیں ہے: بلاول بھٹو زرداری— فوٹو: بھارتی میڈیا
بھارتی وزیر خارجہ سب سے ایک ہی طریقے سے ملے ہیں، اگر ایسا ہے تو ہمارا شکایت کرنا بنتا نہیں ہے: بلاول بھٹو زرداری— فوٹو: بھارتی میڈیا

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور بھارتی ہم منصب کے درمیان مصافحہ نہیں ہوا اور جے شنکر نے دونوں ہاتھ جوڑ کر ’نمستے’ کیا جس کا جواب وزیر خارجہ نے بھی اسی انداز میں دیا۔

گوا میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کی اور کئی سوالات کے جواب دیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سے آن کیمرا ہاتھ ملانے میں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، یہ بھارتی وزیر سے ہی پوچھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے سلام کیا گیا، ہم بھی سندھ اور ملتان میں اسی طریقے سے سلام کرتے ہیں، میرے لیے خوشی کی بات ہے ہم نے ایک ہی طریقے سے ایک دوسرے سے سلام کیا۔

ان کا کہنا تھاکہ بھارتی وزیر خارجہ سب سے ایک ہی طریقے سے ملے ہیں، اگر ایسا ہے تو ہمارا شکایت کرنا بنتا نہیں ہے۔

اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے بھارتی ہم منصب جے شنکر کے مصافحہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو سے مصافحہ معمول کا رسمی عمل تھا۔

گوا میں جیونیوز سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک میزبان نے ایک مہمان کا خیر مقدم کیا جیسے باقی وزرائے خارجہ کا کیا گیا۔