06 مئی ، 2023
بھارتی ریاست منی پور میں حالات بدستور کشیدہ ہیں اور فسادات میں اب تک 50 سے زائد افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی روز سے جاری فسادات کے بعد مقامی ریاستی انتظامیہ نے شرپسندوں کو دیکھتےہی گولی مارنے کا حکم دیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حالات کنٹرول کرنے کیلئے 10 ہزار سے زائد فوجی اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ کشیدگی والے علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔
ریاست میں ٹرین سروس بند اور پیر تک انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہیں، اس کے علاوہ 7 مئی تک پروازیں بھی معطل کردی گئی ہیں اور امتحانات بھی روک دیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جمعے کو ریاست کے مختلف علاقوں میں بھارتی سکیورٹی فورسز اہلکار سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 54 ہوگئی ہے جبکہ فسادات میں مرنے والوں خواتین بھی شامل ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے ضلع چوراچند پور کے اسپتال میں 16 اور جواہر لعل نہرو انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز امپھال میں 15 لاشیں مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فسادات میں سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوئے، کئی گھروں، گاڑیوں، مندروں اور گرجا گھروں کو آگ لگائی گئی۔
بھارتی وزرات دفاع کے مطابق کشیدگی والے علاقوں سے 13 ہزار افراد کو فوجی کیمپوں اور دیگر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا ہے۔