07 مئی ، 2023
اگر کسی ڈیجیٹل ڈیوائس جیسے اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ یا ٹیبلیٹ کے نام کے شروع میں آئی لکھا ہو تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ اسے ایپل کمپنی نے تیار کیا ہے۔
درحقیقت کسی فرد کے پاس آئی فون نہ بھی ہو تو بھی اس کا نام تو معلوم ہوتا ہی ہے۔
مگر سوال یہ ہے کہ آخر آئی فون میں آئی لفظ کا مطلب کیا ہے؟
اس کا جواب 1998 میں آئی میک کمپیوٹر متعارف کرائے ہوئے اسٹیو جابز نے دیا تھا۔
اس کمپیوٹر کو پیش کرتے ہوئے اسٹیو جابز نے بتایا کہ آئی سے مراد انٹرنیٹ ہے تاہم یہی اس کا واحد مطلب نہیں۔
انہوں نے اس موقع پر کہا تھا کہ ہم لوگوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ یہ وہ کمپیوٹر ہے جس میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ آئی کا مطلب صرف انٹرنیٹ نہیں بلکہ یہ 4 مزید الفاظ کا مخفف بھی ہے۔
یہ الفاظ individual، instruct، inform اور inspire ہیں۔
اسٹیو جابز نے بتایا کہ ہم ایک پرسنل کمپیوٹر کمپنی ہیں اور اگرچہ یہ ڈیوائس انٹرنیٹ کے لیے ہے مگر اسے تعلیم کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اور ہدایات دینے کے لیے بھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ اس سے متاثر ہو کر ہم مستقبل میں مزید بہتر ڈیوائسز تیار کریں گے۔
ایپل نے واقعی مستقبل میں زیادہ بہتر ڈیوائسز بنائیں۔
2007 میں پہلے آئی فون کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ اس فون میں انٹرنیٹ کو استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔
مگر یہاں یہ بات بھی مدنظر رہے کہ ہر ڈیوائس میں آئی کے استعمال کا مقصد صارفین کو یہ یقین دہانی کرانا ہوتا ہے کہ وہ ایپل کی تیار کردہ ڈیوائس استعمال کر رہے ہیں اور صرف انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے آئی کا استعمال نہیں ہو رہا۔
مثال کے طور پر جب 2001 میں پہلا آئی پوڈ متعارف کرایا گیا تو اس میں انٹرنیٹ تک رسائی کا آپشن موجود نہیں تھا۔