Time 08 مئی ، 2023
پاکستان

پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ: پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر  ایکٹ کیس میں اٹارنی جنرل کو کل تک پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں 8 رکنی بینچ  نےکیس کی سماعت کی، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس شاہد وحید بینچ کا حصہ ہیں۔

 وفاقی حکومت نے کیس کو فل کورٹ کے سامنے مقرر کرنےکی باقاعدہ درخواست دائر کی ہے، درخواست میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے تمام ججز  پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

سپریم کورٹ نےگزشتہ سماعت میں تمام فریقین کو تحریری جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، عدالت نے اٹارنی جنرل سے پارلیمنٹ کی کارروائی اور قائمہ کمیٹیوں کا ریکارڈ بھی طلب کر رکھا  تھا۔

آج سماعت کا آغاز ہوا تو اٹارنی جنرل منصورعثمان نے فل کورٹ بنانے کی استدعا کردی۔

وکیل مسلم لیگ ن صلاح الدین احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی درخواست میں فل کورٹ کی استدعا کی ہے۔ جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ  آپ کی درخواست کو ابھی نمبر نہیں الاٹ نہیں ہوا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو نوٹس ہے اس لیے پی ٹی آئی کی جانب سے میں موجود ہوں۔

 توقع ہے کل تک پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ مل جائےگا:اٹارنی جنرل

چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے دستاویزات جمع کروا دی ہیں؟ اس پر اٹارنی جنرل نےکہا کہ توقع ہے کل تک پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ مل جائےگا، اسپیکر آفس سے باضابطہ اور غیر رسمی طور پر بھی رابطہ کیا ہے، عدالت قرار دے چکی ہے کہ آئین کا بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، عدلیہ کی آزادی آئین کا بنیادی جزو ہے، عدالتی اصلاحات کے قانون میں بینچوں کی تشکیل اور اپیلوں کا معاملہ طے کیا گیا ہے، عدالتی اصلاحات بل میں وکیل کی تبدیلی کا بھی حق دیا گیا ہے، قانون میں جو معاملات طے کیے گئے وہ انتظامی نوعیت کے ہیں۔

فل کورٹ کے لیے دلائل دیتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے رولز فل کورٹ نے تشکیل دیے تھے، سپریم کورٹ پریکٹس رولز میں ترمیم بھی فل کورٹ ہی کرسکتی ہے، عدلیہ کی آزادی اور رولز سے متعلق مقدمہ بھی فل کورٹ کو سننا چاہیے، قانون براہ راست ان ججز پر بھی لاگو ہوگا جو مقدمہ نہیں سن رہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نےکہا کہ سوال یہ ہےکہ کیا ایسی قانون سازی کے اختیارات ہیں یا نہیں،ترمیم کا سوال نہیں ہے۔ جسٹس مظاہرنقوی نے سوال کیا کہ کیا ماضی میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ جیسی کوئی قانون سازی ہوئی ہے؟ اس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 1973 تک رولز بنانے کے لیے صدرکی اجازت درکار تھی۔

آرٹیکل 191 کے ہوتے ہوئے ایسی قانون سازی کیسے ہوسکتی ہے؟جسٹس مظاہر 

جسٹس مظاہر نقوی کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 191 کے ہوتے ہوئے ایسی قانون سازی کیسے ہوسکتی ہے؟ جسٹس محمد علی مظہر نےکہا کہ آپ نے اپنی درخواست میں کہا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے اس لیے فل کورٹ سنے۔ جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ ہم ہر وقت معمول کے مطابق اپنی نوعیت کے پہلے کیسز سنتے رہتے ہیں۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ماضی میں کبھی ایسا مقدمہ نہیں آیا اس لیے فل کورٹ تشکیل دی جائے۔

جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا کوئی بھی بینچ کوئی بھی مقدمہ سن سکتا ہے،کیا حکومت اس کیس میں فل کورٹ کا فائدہ اٹھانا چاہتی ہے؟ کیا حکومت چاہتی ہے عدالت کی اندرونی بحث باہر آئے؟ ہر مقدمہ اہم ہوتا ہے، یہ تعین کیسے ہوگا کہ کونسا کیس فل کورٹ سنے؟ کیا عدلیہ کی آزادی کا ہر مقدمہ فل کورٹ نے سنا تھا؟

اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ افتخار چوہدری کیس سمیت کئی مقدمات فل کورٹ نے سنے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ 1996 سے عدلیہ کی آزادی کے مقدمات سنے جا رہے ہیں، بظاہریہ حکومت کا کیس نہیں لگتا کہ فل کورٹ بنائی جائے۔ جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ کیا آپ کہنا چاہ رہے ہیں عوام کا اعتماد فل کورٹ پر ہے؟ عدالت درخواست گزار کی خواہش پر اپنی کارروائی کیسے ریگولیٹ کرے؟ اٹارنی جنرل نےکہا کہ یہ درست ہےکہ عدلیہ کی آزادی کے تمام مقدمات فل کورٹ نے نہیں سنے۔

جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ رولزبنانےکا اختیار فل کورٹ کو انتظامی امور میں ہے، اگر کسی 3 رکنی بینچ کے سامنے رولز کی تشریح کا مقدمہ آجائے تو کیا وہ بھی فل کورٹ کو سننا چاہیے؟ فل کورٹ تو اپنے رولز بنا چکی ہے۔

' یہ سمجھ سے باہر ہےکہ فل کورٹ کا فیصلہ اچھا اور3 رکنی بینچ کا برا ہوگا'

جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ آپ کی یہ منطق سمجھ سے باہر ہےکہ فل کورٹ کا فیصلہ اچھا اور 3 رکنی بینچ کا برا ہوگا۔ جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ کیا آپ کا مدعا یہ ہےکہ رولز فل کورٹ نے بنائے تو تشریح بھی وہی کرے؟

جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ فل کورٹ کا جواب خود پارلیمنٹ نے اپنے بنائےگئے قانون میں دے دیا ہے، عدالتی اصلاحات بل کے سیکشن4 کے مطابق کمیٹی کا بنایا گیا 5 رکنی بینچ آئین کی تشریح کا مقدمہ سنےگا، جب پارلیمنٹ خود اپنے ایکٹ میں5 رکنی بینچ کہہ رہی ہے تو کیا آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ پارلیمنٹ نے قانون غلط بنایا ہے؟

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ عدالت نے تو اس قانون پرعمل درآمد سے روک رکھا ہے۔ جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ اگر حکم امتناع نہ ہوتا تو فل کورٹ کی استدعا کہاں جاتی؟ پارلیمنٹ کہتی ہے 5 رکنی بینچ ہو، اٹارنی جنرل کہتے ہیں فل کورٹ ہو، لگتا ہے حکومت کی گنتی کمزورپڑگئی ہےکہ یہاں کتنے ججزبیٹھے ہیں۔

اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کا کہنا تھا کہ فل کورٹ کی استدعا کیس کی مناسبت سے کی جاسکتی ہے، قانون میں کم سےکم 5 ججزکا لکھا ہے۔ جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ 5 ججز سے مطمئن ہے تو اٹارنی جنرل یا کابینہ کیوں نہیں؟

جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے بنائے گئے قوانین کےخلاف درخواستیں عدالت معمول میں سنتی ہے، ہائی کورٹس بھی قوانین کے خلاف درخواستیں سنتی ہیں، کیا ہائی کورٹ میں بھی فل کورٹ کی استدعا کی گئی؟

جسٹس مظاہرعلی کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ نہیں ہے، 2012 میں بھی اس نوعیت کا مقدمہ سنا جاچکا ہے، فل کورٹ کی درخواست میں لکھا ہےکہ بینچ حکم امتناع میں اپنا موقف دے چکا ہے۔

جسٹس منیب اختر نےکہا کہ کیا لاہور ہائی کورٹ میں فل کورٹ میں60 اور سندھ ہائی کورٹ میں 40 ججز سماعت کریں گے؟ اس پر اٹارنی جنرل نےکہا کہ عدالتی اصلاحات بل ہائی کورٹ میں چیلنج نہیں اس پربات نہیں کروں گا۔

جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تو ہائی کورٹس فل کورٹ بنانےکی پابند ہوں گی۔ جسٹس منیب اختر نےکہا کہ اگر صوبائی اسمبلی بھی اس نوعیت کا قانون بنا دے تو کیا پوری ہائی کورٹ مقدمہ سنے گی؟ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ کیا تمام 8 ججز فیصلہ کریں گےکہ فل کورٹ بنےگی؟ جسٹس شاہد وحید نے سوال کیا کہ کیا بینچ چیف جسٹس کو فل کورٹ بنانےکا حکم دے سکتا ہے؟

 کیا ایسی درخواست انتظامی سطح پر دی جاسکتی ہے؟جسٹس عائشہ ملک

جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ فل کورٹ تشکیل دینےکی درخواست قابل سماعت ہونے پربھی سوال ہے؟ کیا ایسی درخواست انتظامی سطح پر دی جاسکتی ہے؟ اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ججز چیف جسٹس سے فل کورٹ بنانےکی گزارش کرسکتے ہیں۔

جسٹس شاہد وحید کا کہنا تھا کہ درخواست میں وفاق نے چیف جسٹس کو حکم دینے کی استدعا کر رکھی ہے، اس طرح کی استدعا پر عدالت کس قسم کا حکم دے سکتی ہے؟

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ وفاق کی استدعا اچھے الفاظ میں نہیں لیکن سمجھ چکے ہیں۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی پھانسی کے مقدمے میں بینچ پر اعتراض کیا تھا، ذوالفقارعلی بھٹو کیس میں جج پر اعتراض ہوا اور 9 رکنی فل کورٹ نے مقدمہ سنا۔

جسٹس مظاہر نقوی نےکہا کہ آپ جس فیصلے کا حوالہ دے رہے ہیں اس میں وجوہات بھی دی گئی تھیں۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس وقت کے چیف جسٹس انورالحق نے اعتراض مسترد کیا تھا، نو رکنی فل کورٹ میں چیف جسٹس خود بھی شامل تھے، موجودہ درخواست میں کسی جج یا چیف جسٹس پر اعتراض نہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کسی جج پر اعتراض بھی ہو تو فیصلہ جج نےکرنا ہوتا ہےکہ وہ مقدمہ سنے یا نہیں، مستقبل کے لیے تعین کرنا ہےکہ بینچ کن حالات میں فل کورٹ تشکیل دینےکا کہہ سکتا ہے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ معاملہ صرف آئین کی تشریح یا عدالت کی آزادی کا نہیں ہے، آئینی ترامیم کیس میں عدالت نے فوجی عدالتیں درست قرار دی تھیں۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ موجودہ کیس آئینی ترامیم کا نہیں ہے۔

اٹارنی جنرل منصورعثمان اعوان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلہ مستقبل کے لیے ہوتا ہے، 20 سال بعد شاید زمینی حقائق اور آئین مختلف ہو، استدعا ہے کہ عدالت فل کورٹ بنائے۔

مسلم لیگ ن کے وکیل کے فل کورٹ کے لیے دلائل

مسلم لیگ ن کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین نے فل کورٹ پر دلائل دیتے ہوئےکہا کہ حکم امتناع کے ذریعے پہلی بار قانون پر عمل درآمد روکا گیا ہے، فل کورٹ کے لیے درخواستیں معمول میں دی جاتی ہیں، جسٹس فائز عیسٰی کیس میں بھی فل کورٹ بینچ تشکیل دیا گیا تھا۔

جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ جسٹس فائز عیسٰی کیس کا معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا گیا تھا، چیف جسٹس خود جسٹس فائزعیسٰی کیس نہیں سن رہے تھے۔

بیرسٹرصلاح الدین کا کہنا تھا کہ سات رکنی بینچ نے فل کورٹ تشکیل دینےکی ہدایت کی تھی، بعض اوقات بینچ خود بھی فل کورٹ کی تشکیل کے لیے فائل چیف جسٹس کوبھجواتا ہے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری اور جسٹس فائز عیسٰی کیسز صدارتی ریفرنس پر تھے، ججز پر الزام لگے تو ٹرائل سپریم کورٹ کا ہوتا ہے، معاملہ سنگین نوعیت کا ہونے پر ہی فل کورٹ بنا تھا، دونوں ججز کے خلاف ریفرنس سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیے، کسی اور  مقدمے میں فل کورٹ کی مثال ہے تو دیں۔

بیرسٹر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ آئی جی جیل خانہ جات کیس میں بھی فل کورٹ تشکیل دی گئی تھی۔

جسٹس منیب اختر کا کہنا تھا کہ افتخار چوہدری کیس میں جج کو معزول کردیا گیا تھا، وہ ماسٹر آف روسٹرکا اختیار استعمال نہیں کرسکتے تھے، معزولی کے بعد قائم مقام چیف جسٹس اس اختیار کو استعمال کر رہے تھے، مسلم لیگ ن پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت ہے، جو قانون پارلیمنٹ نے بنایا ہے اس میں 5 رکنی بینچ کی بات کی گئی ہے، مسلم لیگ ن فل کورٹ کی استدعا کیسے کرسکتی ہے؟

جسٹس اعجازالاحسن کا کہنا تھا کہ آپ چاہتے ہیں عدالت تعین کرے کہ کون سے مقدمات کون سا بینچ سنےگا؟ پنڈورا باکس کھولیں گےتو ہرکیس میں فل کورٹ کی درخواستیں آئیں گی۔

بیرسٹر صلاح الدین کا کہنا تھا کہ سائلین فل کورٹ کی درخواست کرتے رہتے ہیں اس پر عدالتی فیصلے موجود ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے اس طرح کی سوئپنگ اسٹیٹمنٹ نہ دیں، درخواست گزار کو معلوم ہوتا ہےکہ کون سا بینچ کیس سن رہا ہے اور وہ اس پر معترض کیوں ہے، ایسے دلائل سے لگتا ہے جیسے مسلم لیگ ن جانتی ہی نہیں وہ فل کورٹ کی استدعا کیوں کر رہی ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے درخواست میں موجودہ بینچ پر اعتراض اٹھایا ہے،کیا مسلم لیگ ن کو موجودہ بینچ پر اعتماد نہیں ہے؟

چیف جسٹس کو ہی بینچز بنانے کا اختیار ہے: جسٹس عطا بندیال

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر آپ نے نوٹس کیا ہو تو میں اس معاملے کو خاموشی سے سن رہا ہوں، کیس کو خاموشی سے اس لیے سن رہا ہوں کہ یہ چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق ہے، چیف جسٹس کو  ہی بینچز  بنانے کا اختیار ہے، فل کورٹ سےمتعلق کوئی جوڈیشل آرڈر دینا نہیں چاہتے جو مستقبل میں  عدالتی نظیر کے طور پر استعمال ہو، موجودہ  نکتے پر ابھی دلائل باقی ہیں اور دوسرے فریقین کو بھی سننا ہے۔

سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو پارلیمانی کارروائی کا ریکارڈ کل تک جمع کرانےکا حکم دیتے ہوئےکیس کی سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

مزید خبریں :