09 مئی ، 2023
پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد رانا ثنا اللہ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور پتھراؤ کیا گیا۔
فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان اور مسلم لیگ ن کے ورکرزکا ایک دوسرے پرپتھراؤ، پولیس طلب کر لی گئی۔
پتھراؤ کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور رانا ثنا اللہ کے ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
سکیورٹی کے پیش نظر فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کے ڈیرے پر بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کو القادر ٹرسٹ کے نیب کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور نیب حکام کے پاس ان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان عسکری اداروں کے خلاف بیان بازی سمیت دیگر کیسز میں ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے تھے جہاں رینجرز کی بھاری نفری نے عمران خان کو حراست میں لے لیا۔