10 مئی ، 2023
اسلام آباد: پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کو گرفتار کرلیا۔
جیونیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتار کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک درخواست لے کر آئے تھے جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ انہیں عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا۔
اسد عمر یہ درخواست لے کر چیف جسٹس کے کمرہ عدالت کی طرف گئے جس کےبعد وہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے قریب لائبریری میں پہنچے جہاں سے باہر نکلنے پر اسلام آباد پولیس کے انسداد دہشتگردی اسکواڈ نے اسد عمر کو گرفتار کرلیا۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے وکلا نے اسد عمر کی گرفتاری پر مزاحمت کی کوشش کی جس پر فورسز اور وکلا کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی اور اہلکار اسد عمر کو لے کر روانہ ہوگئے۔
پولیس ذرائع کاکہنا ہے کہ اسد عمر کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔