Time 11 مئی ، 2023
کھیل

ایشیاکپ تنازع : پاکستان کرکٹ بورڈ نے مزید لچک دکھا دی

پی سی بی کی نئی تجویز پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران نے نجم سیٹھی سے مشاورت کا وقت مانگ لیا: ذرائع/ فائل فوٹو
پی سی بی کی نئی تجویز پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران نے نجم سیٹھی سے مشاورت کا وقت مانگ لیا: ذرائع/ فائل فوٹو

ایشیاکپ  2023  کے تنازع  پر  پاکستان کرکٹ بورڈ  نے مزید لچک دکھاتے ہوئے  ہائبرڈ ماڈل پر ایک قدم اور آگے بڑھا دیا۔

پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل  کے ممبران سے ملاقات میں نیا ہائبرڈ ماڈل پیش کیا جس کے تحت  چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایشیاکپ کے صرف پہلے راؤنڈ کے میچز پاکستان میں کرنے کا مطالبہ کردیا۔

 نجم سیٹھی نے ایشیاکپ کے صرف پہلے راؤنڈ کے میچز پاکستان میں کرنے کا مطالبہ کردیا: ذرائع

 نئی تجویز کے مطابق پی سی بی نے راؤنڈ ون کے 4 میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دی ہے اور پی سی بی کا کہنا ہے کہ  ایشیاکپ کے راؤنڈ ٹو میچز بشمول فائنل کو عرب امارات میں کروایاجائے جب کہ پاکستان ایشیاکپ کا فائنل عرب امارات کروانے پر رضامند ہے۔

ذرائع کے مطابق ایشیاکپ کی دیگر ٹیموں نے سفر کے اضافی اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا ، ایشیاکپ کی دیگر ٹیموں کی جانب سے عرب امارات میں ستمبر کے گرم موسم  پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

اس پر پی سی بی نے ستمبر میں ایشیاکپ 2018 اور آئی پی ایل کے یو اےای میں ہونے کا حوالہ دیا ہے، پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل کے کمرشل اور لاجسٹک انتظامات کی بھی یقین دہانی کروا دی ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی نئی تجویز پر ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران نے نجم سیٹھی سے مشاورت پر وقت مانگ لیا ہے تاہم بنگلا  دیش اور سری لنکا نے ایشیاکپ کے اجلاسوں کے دوران نیوٹرل وینیو پر ایشیاکپ کی منتقلی کی کوئی بات نہیں کی، سری لنکا اور بنگلا دیش کی پاکستان میں ایشیاکپ کھیلنے کی یقین دہانی کا ثبوت پی سی بی کے پاس موجود ہے۔

سری لنکا اور بنگلا دیش نے پی سی بی کو ای میل کے ذریعے  پاکستان میں ایشیاکپ کھیلنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

مزید خبریں :