واٹس ایپ میں فراڈ کالز کی روک تھام کیلئے نئی اپ ڈیٹس کر دی گئیں

کمپنی کی جانب سے نئی اپ ڈیٹس کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو
کمپنی کی جانب سے نئی اپ ڈیٹس کا اعلان کیا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے میسجنگ پلیٹ فارم میں فراڈ یا اسپام کالز کی روک تھام کے لیے اپ ڈیٹس کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اور مشین لرننگ (ایم ایل) سسٹمز کے ذریعے اسپام کالز کی روک تھام کی جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا ہے جب دنیا کے مختلف حصوں میں اس طرح کی فراڈ واٹس ایپ کالز کی شرح میں اضافہ ہوا۔

نامعلوم بین الاقوامی نمبروں کے ذریعے کی جانے والی کالز سے کچھ واٹس ایپ صارفین کو ہراساں کیا گیا جبکہ متعدد کو مالی فراڈ کا سامنا ہوا۔

واٹس ایپ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صارفین کے تحفظ کے لیے ہم نے کافی اقدامات کیے ہیں مگر حالیہ دنوں میں بین الاقوامی اسپام کالز کے ذریعے فراڈ کے واقعات بڑھے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کی روک تھام کے لیے نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اس طرح کی کالز کی شرح میں 50 فیصد کمی آئے گی۔

کمپنی ترجمان نے کہا کہ ہم مؤثر طریقے سے ان کالز کی روک تھام کے لیے پر امید ہیں اور صارفین کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

صارفین کی جانب سے متعدد شکایات میں بتایا گیا تھا کہ انہیں ایتھوپیا، انڈونیشیا، کینیا، ملائیشیا اور ویتنام سمیت متعدد ممالک کے نمبروں سے کالز آئیں۔

بیشتر کیسز میں ان فراڈ کالز میں صارفین کو ملازمت کی پیشکش کی گئی تھیں۔

بھارت میں واٹس ایپ صارفین کو اس مسئلے کا زیادہ سامنا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کے سب سے زیادہ صارفین بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :