واٹس ایپ میں چند نئے فیچرز متعارف، استعمال کرنے کا طریقہ جانیں

یہ فیچرز تمام صارفین کو دستیاب ہیں / فوٹو بشکریہ واٹس ایپ
یہ فیچرز تمام صارفین کو دستیاب ہیں / فوٹو بشکریہ واٹس ایپ

واٹس ایپ نے چند نئے فیچرز صارفین کے لیے متعارف کرا دیے ہیں۔

میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے پولز اور میڈیا شیئرنگ کے حوالے سے نئی اپ ڈیٹس کی گئی ہیں جو تمام صارفین کو دستیاب ہیں۔

اپنے واٹس ایپ کو اپ ڈیٹ کرکے آپ ان فیچرز کو استعمال کر سکتے ہیں یا چند دن کے انتظار کے بعد یہ فیچرز آپ کو دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ نومبر 2022 میں واٹس ایپ نے پولز کا فیچر متعارف کرایا تھا جس میں موجود ایک خامی کو نئی اپ ڈیٹ سے ختم کیا گیا ہے۔

نئے فیچرز کو کیسے استعمال کریں؟

اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد اب آپ واٹس ایپ پولز میں کسی فرد کو محض ایک ووٹ دینے تک محدود کر سکتے ہیں۔

ابھی واٹس ایپ پولز میں ایک فرد ہر آپشن میں ووٹ دے سکتا تھا مگر اب آپ اس کی روک تھام کر سکتے ہیں۔

پولز میں ملٹی پل چوائس کا آپشن بائی ڈیفالٹ ان ایبل ہوتا ہے تو کسی پول کو پوسٹ کرنے سے قبل آپ کو ملٹی پل آنسرز کے آپشن کو ڈس ایبل کرنا ہوگا۔

اس کے ساتھ ساتھ میسجنگ ایپ میں صارفین پولز کو فوٹوز، ویڈیوز یا لنکس کی طرح سرچ کرکے بھی تلاش کر سکتے ہیں۔

اس کے لیے سرچ پر کلک کرکے پولز لکھنا ہوگا۔

جہاں تک میڈیا شیئرنگ کی بات ہے تو واٹس ایپ میں اب آپ ان تمام تصاویر، ویڈیوز یا دستاویزات پر کیپشن کا اضافہ کر سکتے ہیں جن کو کسی اور صارف کو فارورڈ  کرنا چاہتے ہیں۔

ابھی تک یہ آپشن واٹس ایپ میں دستیاب نہیں تھا اور اس سے صارفین کو فارورڈ میڈیا فائلز پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع مل سکے گا۔

اس فیچر کو استعمال کرنا آسان ہے، بس کسی فائل کے آگے فارورڈ کے آئیکون پر کلک کریں گے تو آپ کے سامنے کیپشن کا آپشن نظر آنے لگے گا۔

خیال رہے کہ ان فیچرز سے قبل گزشتہ دنوں واٹس ایپ کی جانب سے طویل عرصے کی آزمائش کے بعد ایک اکاؤنٹ کو بیک وقت 4 فونز میں استعمال کرنے کی سہولت متعارف کرائی گئی تھی۔

مزید خبریں :