14 مئی ، 2023
جیو کے مقبول ڈرامے 'تیرے بن' میں روحیل کا کردار نبھانے والے سبحان اعوان نے ڈرامے میں میرب کی سالگرہ کے کیک سین سے متعلق بتایا کہ شوٹنگ کے دوران مرتسم کی انگلی سچ میں زخمی ہوگئی تھی جس سے خون بھی نکلنے لگا تھا۔
ڈرامہ 'تیرے بن' کا یوں تو ہر ایک سین ہی عوام میں مقبول ہے لیکن ڈرامے کے شروع کے اقساط میں میرب (یمنی زیدی) کی سالگرہ کی تقریب روحیل(سبحان اعوان) کی جانب سے رکھی گئی تھی جس میں وہ میرب سے اپنی محبت کا اظہار کرنا چاہتا تھا لیکن اس دوران مرتسم (وہاج علی) وہاں میرب کو لینے پہنچ جاتا ہے اور روحیل کے اظہار سے قبل ہی میرب کو تقریب سے لے کر چلاجاتا ہے۔
وائرل سین میں دکھایا گیا تھا کہ روحیل مرتسم کو جب میرب کو لے جانے سے روکتا ہے تو مرتسم اشتعال میں آجاتا ہے اور روحیل کے گلے پر چھری رکھ دیتا ہے۔
ڈرامے کا یہ سین خوب وائرل ہوا تھاجس پر بات کرتے ہوئے سبحان اعوان نے بتایا کہ سین کے لیے رکھی جانے والی چھری اتنی تیز تھی کہ اداکار وہاج علی(مرتسم) کی انگلی پر کٹ لگ گیا تھا جس سے خون نکلنا شروع ہوگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کٹ گہرا ہونے کے باعث وہاج کی انگلی سے خون رک نہیں رہا تھا جس کے بعد ٹریٹمنٹ کے ذریعے خون روکا گیا یہی وجہ تھی کہ پھر ہم نے اس چھری کو بھی پھینک دیا تھا جس کے بعد عام چھری رکھی گئی۔