Time 14 مئی ، 2023
کھیل

شاہین کو ورلڈکپ 2024 کیلئے کپتانی کی طرف لائیں: عاقب جاوید

میں نے تجویز دی تھی کہ کسی ایک فارمیٹ کا شاہین آفریدی کو کپتان بنائیں یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ شاہین آفریدی کا مائنڈ سیٹ مختلف ہے : عاقب جاوید__فوٹو: فائل
 میں نے تجویز دی تھی کہ کسی ایک فارمیٹ کا شاہین آفریدی کو کپتان بنائیں یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ شاہین آفریدی کا مائنڈ سیٹ مختلف ہے : عاقب جاوید__فوٹو: فائل

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کی کپتانی کے حوالے سے بحث ہی غلط شروع ہوئی تھی، ون ڈے کا کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی نہیں ہو سکتا ۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہو ئے لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ اور سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ  شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے کپتانی کی طرف لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے تجویز دی تھی کہ کسی ایک فارمیٹ کا شاہین آفریدی کو کپتان بنائیں یہ میں اس لیے کہتا ہوں کہ شاہین آفریدی کا مائنڈ سیٹ مختلف ہے باقی سب ایک جیسے ہیں۔

عاقب جاوید نے کہا کہ جب آپ یہ کہتے ہیں کہ پی ایس ایل کی پرفارمنس پر ٹیمیں بننی چاہئیں تو پی ایس ایل میں کپتان بیک ٹو بیک دو سال ٹرافی جتواتا ہے تو اس کو بھی دیکھیں،  شاہین آفریدی جس طرح ٹیم کو جتوا رہا ہے، مشکل وقت میں خود بیٹنگ کے لیے جاتا ہے، سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے صرف وجہ بتائی، کسی پسند ناپسند پر تجویز نہیں دی، نہ تنقید کی، ابھی زیادہ تر ون ڈے کرکٹ ہے،  ایشیا کپ ہے، پھر ورلڈ کپ ہے، بابر اعظم کے علاوہ آپ کسی اور کا نام ہی کیوں لے رہے ہیں؟ بابر  کے علاوہ کیوں کپتان بنانا ہے؟ کپتان بنا کر دیکھ ہی لیا اور سبق بھی افغانستان کی سیریز میں ملا۔

شان مسعود کو مجبوری میں کھلایا جارہا ہے: سابق کرکٹر

پاکستان ٹیم کے کامبینیشن کے بارے میں بات کرتے ہو ئے عاقب جاوید نے کہا کہ افتخار احمد نے خود کو بہت بہتر کیا ہے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ اب وہ اس قابل ہیں کہ مستقل کھلایا جائے، اس سے پہلے تنقید اس لیے ہوتی تھی کہ چار پانچ ایک ہی انداز کے کھلاڑیوں کو مڈل آرڈر میں کھلا دیتے تھے لیکن  اب فرق پڑا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک شان مسعود کو ٹیم میں شامل کرنے کی بات ہے،  میں شان کو کھلانے پر مطمئن نہیں ہوں، تب بھی خوش نہیں تھا جب نائب کپتان بنایا گیا تھا،انہیں بلاوجہ اب پھر ٹیم میں شامل کر لیا جاتا ہے اور لگتا ہے پھر مجبوری میں اسے کھلا بھی لیا جاتا ہے، سمجھ سے باہر  ہے کہ یہ کرا کون رہا ہے؟

عاقب جاوید نے کہا کہ امام الحق نے ون ڈے میں ہمیشہ پرفارم کیا ہے، بابر اعظم کو اعتماد دیا جا سکتا ہے، محمد رضوان کو آرام کرانے کا سوچا بھی نہیں جاتا تو دیگر پرفارمرز کا حق بنتا ہے کہ انہیں اعتماد دیں۔

 فخر  زمان کے آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بننے کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ فخر کی حالیہ دنوں میں پرفارمنس شاندار رہی ہے، پلیئر آف دی منتھ بننے پر خوشی ہوئی،  قلندرز کی طرف سے وہ سات برسوں سے ٹاپ اسکوررہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فخر زمان کی ایک خوبی یہ ہے کہ جب فخر رنز کرتے ہیں تو پاکستان ٹیم ہار نہیں سکتی، وہ پاکستان ٹیم اور قلندرز کے لیے تحفہ ہے۔

'پاکستان میں سیریز کھیل کر نیوزی لینڈ کو فائدہ ہوا'

عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ ایشیا کپ سمیت دیگر سیریز ایشیا میں ہیں، پاکستان کی حالیہ سیریز کا فائدہ نیوزی لینڈ کو ہوا ہو گا کیونکہ دنیا کی سبھی ٹیمیں ایشیا میں کھیلنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ وہ ورلڈ کپ سے قبل کنڈیشنر سے ہم آہنگ ہوں۔

انہوں نے نوجوان فاسٹ بولر زمان خان سے متعلق کہا کہ پاکستان کو زمان خان سے فائدہ ہوا، میں سمجھتا کہ ڈیتھ اوورز میں تسلسل کے ساتھ اچھی بولنگ کرنے والا کوئی بولر نہیں ہوگا، زمان کو ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے دیکھنا چاہیے،  بولنگ ایکشن کی وجہ سے اسے کھیلنا آسان نہیں۔

پاک بھارت  وینیوز کرکٹ بورڈز کے ہاتھ میں نہیں: عاقب جاوید

عاقب جاوید کا ماننا ہے کہ یہ بحث چلتی رہتی ہے کہ پاکستان نے یہ کہہ دیا، بھارتی بورڈ نے یہ کہہ دیا ، آئی سی سی نے یہ بول دیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی، پی سی بی، بھارتی بورڈ اور اے سی سی کا پاک بھارت کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، سارا معاملہ حکومتی سطح کا ہے، اگر حکومتیں تعلق نہیں رکھنا چاہتیں تو کون سی گیم اور کونسی اسپورٹس؟

مزید خبریں :