14 مارچ ، 2023
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو کپتان بنانے کی خواہش سے متعلق افواہوں کی تردید کردی۔
نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں شاہد آفریدی سے میزبان سویرا پاشا نے سوال کیا کہ 'بہت ساری جگہوں پر کہا جارہا ہے کہ آپ شاہین کے لیے لابنگ کررہے ہیں کہ اسے کپتان بنایا جائے'۔
سوال سن کر شاہد آفریدی نے قہقہہ لگایا اور جواب دیا کہ 'میرا تو کرکٹ بورڈ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے، آپ کو پتا ہے کہ میں شاہین کو پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی کپتانی کرنے سے بھی منع کررہا تھا تو یہ تو پھر پاکستانی ٹیم کی کپتانی کی بات ہے'۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ 'میرے مطابق جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ بالکل ٹھیک اور اچھا ہے، شاداب سینئر ہے اور بہت عرصے سے نائب کپتان ہے، تو میں اس فیصلے سے بہت خوش ہوں'۔
واضح رہے کہ افغانستان سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آل راؤنڈر شاداب خان کو کپتان بنایا گیا ہے۔