Time 15 مئی ، 2023
پاکستان

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کا آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہوگا: پاک فوج

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت  خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکا نے مادروطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے سیاسی مقاصد کے لیے پیدا کی گئی چند روز کی امن و امان کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا اور بیرونی اسپانسر شدہ اور اندرونی طور پر منظم پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کیا جبکہ فورم کو شہداء کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کے مربوط توڑ پھوڑ منصوبے پربریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام سے نمٹنے کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے اورعوامی اعتماد بحالی کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عسکری قیادت کے خلاف منظم پروپیگنڈا مہم شروع کی گئی جس کا مقصد مسلح افواج اور عوام کے درمیان اور مسلح افواج کے رینک اور فائل میں دراڑ پیدا کرنا ہے، دشمن قوتوں کے ایسے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی، پاکستانی عوام ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ فورم نے جمہوری عمل مضبوط بنانے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل مربوط منصوبے کے تحت ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ فورم کو بریفنگ دی گئی ہے کہ منصوبہ ادارے کو ردعمل دینے اور اکسانے کے لیے انجام دیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے فوجی تنصیبات،سرکاری،نجی املاک کے خلاف سیاسی محرک اور اکسانے کے واقعات کی سخت مذمت کی اور افسوسناک واقعات پر فوج کے رینک اور فائل کے غم اور جذبات کا بھی اظہارکیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوج ان اکسانے والوں،حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں سے بخوبی واقف ہے،  ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا، مجرموں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

کانفرنس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ فوجی تنصیبات اور سیٹ اپ پر حملہ کرنے والے مجرموں کے خلاف مزید تحمل کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک حاصل کیے جانے والے ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر مسلح افواج حملوں کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، مدد گاروں اور اس عمل میں شریک افراد سے اچھی طرح آگاہ ہیں، اس سلسلے میں حقائق کو توڑ موڑ کر پیش کرنے کی کوشش بالکل بیکار ہے۔

کورکمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے بیرونی اسپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ شرمناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کی عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، شرمناک پروپیگنڈا کا مقصد مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی، اتفاق رائے ضروری ہے تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے، دُشمن قوتوں کے پروپیگنڈہ کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام کےحل کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے سوشل میڈیا قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلم باغ حملے میں سکیورٹی فورسز کے بھرپور جوابی کارروائی کو سراہا گیا اور فورم نے انسداد دہشت گردی آپریشنز کو سراہا جبکہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بگاڑ پیدا کرنے کی کوششیں بالکل بے سود ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کارکنوں نے جناح ہاؤس لاہور سمیت فوجی تنصیبات، تاریخی عمارتوں، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی اور پاک فوج نے 9 مئی کو یوم سیاہ قرار دیا۔

مزید خبریں :