18 مئی ، 2023
خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نےسوات میں اسکول وین پر پولیس کانسٹیبل کی فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم کرتے ہوے، سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے نفسیاتی معائنے کا فیصلہ کرلیا۔
سوات میں اسکول وین پر پولیس اہلکار کی فائرنگ کے واقعہ کے بعد محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے صوبائی پولیس افسر کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس کے مطابق عوامی مقامات پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کا نفسیاتی معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ہر 6 ماہ بعد سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کا نفسیاتی معائنہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے سوات میں اسکول وین پر فائرنگ کی تحقیقات کیلئے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل سکریٹری اور ڈی آئی جی انویسٹیگیشن پر مشتمل دو رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے کمیٹی کو واقعے کی تحقیقات کر کے 4 دن میں رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کمیٹی واقعے میں ملوث کانسٹیبل سے متعلق تفصیلی معلومات جمع کرے گی جبکہ یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ کہیں اس کا تعلق کسی کالعدم تنظیم سے تو نہیں۔
کمیٹی اس بارے میں بھی تحقیقات کرے گی کہ ڈی ایس پی، لائن افسر اور محرر سمیت دیگر متعلقہ افسران کانسٹیبل کے ذہنی حالات سے بے خبر کیوں تھے اور کانسٹیبل کی حالت ٹھیک نہ ہونے کے باوجود اسے حساس جگہ پر ڈیوٹی پر تعینات کیوں کیا گیا۔