Time 19 مئی ، 2023
پاکستان

جناح ہاؤس حملے کی مذمت کرتا ہوں، اس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی: عمران خان

7 ہزار لوگوں کو گرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے، اسی بنیاد پر کہا تھا کہ ایک ہفتے میں معاملات درست ہوجائیں گے: چیئرمین پی ٹی آئی/ فائل فوٹو
 7 ہزار لوگوں کو گرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے، اسی بنیاد پر کہا تھا کہ ایک ہفتے میں معاملات درست ہوجائیں گے: چیئرمین پی ٹی آئی/ فائل فوٹو 

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جناح ہاؤس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی اور جو کچھ ہوا ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

لاہور ہائیکورٹ میں غیر رسمی گفتگو کے دوران صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ جناح ہاؤس پر ہونے وا لے حملےکی مذمت کرتے ہیں؟ اس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ جناح ہاؤس حملےکی مذمت کرتا ہوں، پہلے بھی کی اور ہر پاکستانی مذمت کررہا ہے، اس سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، جو کچھ ہوا ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو اپناگھرکھول کردکھادیا، دہشتگردوں کے ٹھہرنےکی باتوں میں کوئی صداقت نہیں، پی ڈی ایم کے اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ملک کی بدنامی ہوئی۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ خوف کی فضا میں ملک نہیں چل سکتا، 7 ہزار لوگوں کو گرفتار کرکے پی ڈی ایم خود پھنس گئی ہے، اسی بنیاد پر کہا تھا کہ ایک ہفتے میں معاملات درست ہوجائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ جس جماعت کا ووٹ بینک ہو اسے ہرایا نہیں جاسکتا، اتنے ووٹ بینک رکھنے والی جماعت میں کسی کے آنے جانے سےکوئی فرق نہیں پڑتا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یکطرفہ مذاکرات نہیں ہوسکتے، ہم تو 11 ماہ سے مذاکرات کی بات کررہے ہیں۔

مزید خبریں :