25 مئی ، 2023
ڈائریکٹر جنرل ائیرپورٹ سیکورٹی فورس نےکہا ہےکہ پوری قوم شہدا وطن کی عظمتوں کی معترف ہے۔
ائیر پورٹ سکیورٹی فورس کے تحت اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام یونٹس میں یومِ تکریم شہدائے پاکستان انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا اور اس موقع پر تقریبات کا آغاز کیا گیا۔
اس ضمن میں مرکزی تقریب اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز کراچی میں ہوئی جس میں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
تقریب میں شہدائے پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف ہلالِ امتیاز (ملٹری ) نے اپنے پیغام میں کہا کہ مادر وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے اعادہ کیا کہ شہید ہمارا فخر ہیں اور شہیدوں کے خون سے وفا کا تقاضا ہے کہ ہم دشمن کو ایک آواز سے یہ پیغام دیں کہ ساری قوم شہدا وطن کی عظمتوں کی معترف ہے اور جب کبھی بھی ملک کے دفاع اور بقاء کی بات ہوگی ساری قوم پاکستان کی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔
ڈی جی اے ایس ایف نے مذید کہا کہ مادر وطن کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور اے ایس ایف پاکستان کی تمام فورسز کے شہدا خصوصاً پاک فوج کے شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہے۔