کراچی: قائد آباد میں بیوہ خاتون قتل ، 2 سالہ بچے کو بھی ٹینک میں ڈبو دیا گیا

خاتون کے شوہر ساجد کا انتقال ہوگیا تھا اور وہ گھر میں عدت پر تھیں، مقتولہ شوہر کے گھر میں اکیلی رہتی تھی: پولیس/ فائل فوٹو
خاتون کے شوہر ساجد کا انتقال ہوگیا تھا اور وہ گھر میں عدت پر تھیں، مقتولہ شوہر کے گھر میں اکیلی رہتی تھی: پولیس/ فائل فوٹو

کراچی  میں نامعلوم ملزمان نے بیوہ خاتون کا گلاکاٹ کر قتل کردیا جب کہ مقتولہ کے 2 سالہ بچے کو بھی پانی کے ٹینک میں ڈبو کر قتل کردیاگیا۔

پولیس کے مطابق شاہ لطیف تھانے کی حدود قائدآباد گوشت گلی میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں بیوہ خاتون کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا اور خاتون کے 2 سالہ بچے کو پانی کے ٹینک میں ڈبو کر قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے شوہر ساجد کا انتقال ہوگیا تھا اور وہ گھر میں عدت پر تھیں، مقتولہ شوہر کے گھر میں اکیلی رہتی تھی، مقتولہ اپنے شوہر کی دوسری بیوی تھی اورپہلی بیوی سے مقتولہ کے شوہر کو کوئی اولاد نہیں تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان دوران واردات گھر سے نقد رقم ،سونے کے زیورات اور موبائل فون لے گئے، گھر کی الماری کھلی ہوئی ہے اور گھر سے سونا، نقد رقم اور مقتولہ کا موبائل فون بھی غائب ہے۔

خاتون کے بھتیجے حماد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شام میں چچی کے گھر کا چکر لگایا تو مرکزی دروازہ بند نہیں تھا بلکہ کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا، اس کے  بعد بھی 2،3 دفعہ چکر لگایا تو پھر ہمیں شک ہوا۔

حماد کے مطابق  رات 8 بجے کے بعد میری والدہ اور بہن آئے،کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو چچی خون میں لت پڑی تھیں بعد ازاں بچے کی لاش پانی کے ٹینک سے ملی۔

پولیس کے کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے، مقتولہ کی شناخت  35 سالہ فائزہ اور بچے کی زوہان کے نام سے ہوئی۔

مزید خبریں :