22 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ عوام دوست ہونا چاہئے اور تعلیم، صحت سمیت دیگربنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے یہ ہدایات حکومت کی معاشی ٹیم کودی ہیں، جس نے پرائم منسٹرہاوٴس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی سربراہی میں انہیں آئندہ بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے مہنگائی سے متاثرہ افراد کے تحفظ کیلئے افراط زر کو مزید بڑھنے سے روکنے اور سماجی تحفظ کے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کو معاشی ٹیم نے بریفنگ میں بتایاکہ مجموعی قومی معیشت کی شرح 3.6 فیصد سے بڑھ چکی ہے اور یہ شرح مالی سال کے ٹارگٹ سے بھی بڑھ جائے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم نے سبزیوں اور فروٹس کومحفوظ بنانے کے لئے سرگودھا اور دیگر شہروں میں بڑے کولڈ اسٹورج قائم کرنے اور عالمی سطح پر آم اور کینو کو متعارف کرانے کیلئے متعلقہ حکام کوہدایات جاری کیں۔