عشاء عمران اور نعیم اختر پاکستان کے تیز ترین ایتھلیٹ بن گئے

نیشنل گیمز کے ایتھلیٹکس ایونٹ کے پہلے روز آرمی کی برتری قائم رہی، میڈل بورڈ پر آرمی سات گولڈ چھ سلور اور دو کانسی کے تمغے لیکر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

کھیلوں کے قومی مقابلوں میں واپڈا 5 گولڈ پانچ سلور اور چار کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے،  ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ایک گولڈ دو سلور اور چار کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہے جبکہ سندھ، ائیر فورس اور نیوی نے ایک ایک کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

نیشنل گیمز میں ایتھلیٹکس کے مقابلوں کے پہلے دن کے اختتام پر ویمنز 100 میٹر ریس میں واپڈا کی عشاء عمران نے پہلی پوزیشن حاصل کرلی، انہوں نے مقررہ فاصلہ 11 اعشاریہ ایک پانچ سیکنڈ میں طے کرکے گولڈ میڈل کے ساتھ نیشنل گیمز 2023 کی تیز ترین ایتھلیٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔

آرمی کی تحمین خان نے 11 اعشاریہ 3 تین سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے جبکہ واپڈا کی عروج خان نے 11 اعشاریہ 7 آٹھ سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کرکے کانسی کا تمغہ جیتا۔

مینز کے 100 میٹر ریس میں آرمی نعیم اختر نے گولڈ میڈل حاصل کرنے کے ساتھ نیشنل گیمز 2023 کے تیز ترین ایتھلیٹس کا اعزاز اپنے نام کیا، واپڈا کے گوہر شہباز نے چاندی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے علی احمد نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

شاٹ پٹ مینز میں آرمی کے جمشید نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، انہوں نے 16 اعشاریہ چار نو میٹر دور گولہ پھینک کر پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ واپڈا کے زوہیب نے چاندی اور واپڈا کے ہی بلال شاہد نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

400 میٹر مینز ہرڈل میں عبدالرزاق نے گولڈ میڈل حاصل کیا، انہوں نے مقررہ فاصلہ 51 اعشاریہ تین ایک سیکنڈ میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی کے شاہد رمضان نے چاندی اور واپڈا کے اسامہ بشیر نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

مینز لانگ جمپ میں آرمی کے افضل گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے، انہوں نے 7 اعشاریہ 4 سات میٹر لمبی جمپ لگا کر پہلی پوزیشن حاصل کی، آرمی کے کاشف نے چاندی اور ایچ ای سی کے فراز خان نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

مینز 5000 میٹر ریس میں واپڈا کے محمد اختر نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، انہوں نے پانچ ہزار میٹر کا فاصلہ 15 منٹ 32 سیکنڈ آٹھ صفر میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، واپڈا کے سہیل عامر نے چاندی کا تمغہ جیتا جبکہ نیوی کے علی حسن کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

ویمنز ہائی جمپ میں واپڈا کی رباب انصاری نے گولڈ میڈل جیتا، واپڈا کی ہی نورین فاطمہ نے چاندی اور ایچ ای سی کی امتل نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

800 میٹر ویمنز میں واپڈا کی رابعہ عاشق نے گولڈ میڈل جیتا، آرمی کی روبیلا نے چاندی اور ایچ ای سی کی سونینا مصور نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

مزید خبریں :